جنوری میں آپ ہی مجھے حلف دلائیں گے،عبدالرحمان السید کا جے ڈی وینس کو دلچسپ پیغام

ڈیٹرائٹ (سی بی ایس، الجزیرہ) امریکی ریاست مشی گن سے سینیٹ کا انتخاب جیتنے والے عبدالرحمان محمد السید نے نائب امریکی صدر جے ڈی وینس کو مخاطب کرتے ہوئے کہا ہے کہ کتنی دلچسپ بات ہے کہ جنوری میں آئین کے تحت آپ ہی کو مجھے سینیٹ کی رکنیت کا حلف دلانا ہوگا۔

انتخابی کامیابی کے بعد ڈیٹرائٹ میں اپنے حامیوں سے خطاب کرتے ہوئے عبدالرحمان السید نے جے ڈی وینس کو عربی زبان کا لفظ ’’حبیبی‘‘ کہہ کر مخاطب کیا اور کہا کہ یہ کتنی دلچسپ بات ہے کہ جنوری میں آپ آئینی طور پر مجھے حلف دلانے کے پابند ہوں گے۔

انہوں نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو بھی مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ میں جانتا ہوں کہ آپ کو میرا نام ادا کرنے میں مشکل پیش آتی ہے، اس لیے جب جے ڈی وینس مجھے حلف دلوا دیں تو آپ مجھے صرف سینیٹر کہہ سکتے ہیں۔

عبدالرحمان السید کے اس جملے پر تقریب میں موجود حامیوں نے بھرپور داد دی۔ ان کا یہ طنزیہ پیغام اس پس منظر میں سامنے آیا ہے کہ انتخابی مہم کے دوران جے ڈی وینس نے ان کے خلاف بیانات دیے تھے اور ری پبلکن امیدوار مائیک راجرز کی حمایت میں مشی گن کا دورہ بھی کیا تھا۔

عبدالرحمان السید نے ری پبلکن امیدوار مائیک راجرز کو شکست دے کر امریکی سینیٹ کی نشست جیتی ہے اور وہ امریکی تاریخ میں سینیٹ کے لیے منتخب ہونے والے پہلے مسلمان بن گئے ہیں۔

واضح رہے کہ امریکی آئین کے تحت نائب صدر سینیٹ کے سربراہ کی حیثیت سے نومنتخب سینیٹرز سے حلف لیتے ہیں۔ جنوری میں نئی کانگریس کے اجلاس کے موقع پر جے ڈی وینس کی جانب سے عبدالرحمان السید کو حلف دلانے کا امکان ہے۔