تہران( ایرانی سرکاری میڈیا)ایران کی پاسدارانِ انقلاب اسلامی پاسدارانِ انقلاب اسلامی کے ترجمان جنرل سردار محبی نے کہا ہے کہ جنگ بندی کے دوران ایران کی عسکری اور آپریشنل صلاحیتوں میں اضافہ ہوا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس وقت ایرانی مسلح افواج ماضی کے مقابلے میں زیادہ مضبوط اور بہتر تیاری کے ساتھ موجود ہیں۔جنرل محبی کے مطابق ایران، امریکا اور اسرائیل کے درمیان جاری کشیدگی نے ایرانی افواج کو دشمن کی حکمتِ عملی اور آپریشنل طریقۂ کار کو بہتر طور پر سمجھنے کا موقع دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس صورتحال کا ایک اہم نتیجہ یہ نکلا ہے کہ ایرانی افواج کے پاس دشمن کے بارے میں آپریشنل معلومات اور تجربے میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔ترجمان نے خبردار کیا کہ اگر مخالف فریق دوبارہ عسکری محاذ پر آیا تو ایران کا ردعمل پہلے سے مختلف ہوگا۔
ان کے مطابق آئندہ کسی بھی ممکنہ جنگ میں آپریشن کی نوعیت، جنگ کا دائرہ اور استعمال ہونے والے ہتھیار بھی مختلف ہوں گے۔جنرل محبی نے کہا کہ پاسدارانِ انقلاب کسی بھی ممکنہ جارحیت سے نمٹنے کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں۔

