راولپنڈی(نمائندہ خصوصی+نامہ نگار) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین بیرسٹر گوہر نے وزیراعظم شہباز شریف سے اعتماد کا ووٹ لینے یا نئے عام انتخابات کرانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک میں قومی حکومت قائم کی جائے اور 5 اگست سے عمران خان کی رہائی کیلئے تحریک شروع کی جائے گی۔
اڈیالہ جیل کے قریب دہگل ناکہ پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے کہا کہ موجودہ سیاسی نظام اپنی قانونی اور جمہوری حیثیت کھو چکا ہے، اسلئے قومی حکومت تشکیل دے کر نئے انتخابات کرائے جائیں۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ وزیراعظم اپنے اتحادیوں کا اعتماد بھی کھو چکے ہیں، جبکہ اپوزیشن آئینی طریقہ کار کے تحت تحریک عدم اعتماد کے معاملے پر اتحادی جماعتوں سے مشاورت کرے گی۔بیرسٹر گوہر نے کہا کہ نئے صوبوں کا قیام عوام کا دیرینہ مطالبہ ہے، تاہم موجودہ پارلیمنٹ کو اس حوالے سے اخلاقی اختیار حاصل نہیں، اس لیے ایسے فیصلے قومی اتفاقِ رائے سے ہونے چاہییں۔
آزادی کے بعد کسی سیاسی جماعت کے سربراہ نے مسلسل تین سال جیل میں نہیں گزارے۔ ان کے مطابق پی ٹی آئی 5 اگست سے عمران خان اور ان کی اہلیہ کی رہائی کیلئےملک گیر تحریک کا آغاز کرے گی۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے آزاد کشمیر کے انتخابات کے بائیکاٹ کا دفاع کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ عوام ووٹنگ میں دلچسپی نہیں رکھتے تھے اور ٹرن آؤٹ تاریخ کی کم ترین سطح پر رہا۔ انہوں نے تین مرحلوں میں انتخابات کرانے کو غیر آئینی قرار دیتے ہوئے آزاد کشمیر حکومت کو ناکام قرار دیا۔
بیرسٹر گوہر نے پیپلز پارٹی اور جمعیت علمائے اسلام (ف) سمیت دیگر جماعتوں سے رابطوں کی خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ طویل عرصے سے کسی سیاسی جماعت سے مذاکرات نہیں ہوئے، تاہم بڑھتی ہوئی سیاسی کشیدگی کے پیش نظر تمام فریقین کو قومی مسائل کے حل کیلئے مذاکرات کرنے چاہییں۔

