لارک جزیرے پر امریکی حملے کے جواب میں ایران کا اردن میں 2 امریکی اڈوں پر حملہ

تہران (رائٹرز) ایران نے لارک جزیرے پر امریکی حملے کے جواب میں اردن میں موجود دو امریکی فوجی اڈوں پر بیلسٹک میزائلوں سے حملہ کیا ہے۔ایرانی پاسدارانِ انقلاب کے مطابق اردن میں کنگ حسین اور الازرق کے امریکی فوجی اڈوں کو بیلسٹک میزائلوں سے نشانہ بنایا گیا۔

امریکی ذرائع کا دعویٰ ہے کہ ایران سے فائر کیے گئے تقریباً تمام میزائل فضا میں ہی ناکارہ بنا دیے گئے ہیں۔

اس سے قبل اتوار کو امریکی فوج نے ایران کے لارک جزیرے پر فضائی حملہ کیا تھا، جس میں دو ایرانی میزائل لانچرز کو نشانہ بنایا گیا تھا۔امریکی حکام کے مطابق پاسدارانِ انقلاب آبنائے ہرمز میں راکٹ داغنے کی تیاری کر رہے تھے، جس کے بعد امریکی فورسز نے لارک جزیرے پر کارروائی کی۔

دوسری جانب پاسدارانِ انقلاب نے کہا تھا کہ امریکی حملے میں کئی ایرانی اہلکار اور عام شہری شہید اور زخمی ہوئے ہیں اور امریکا کو اس حملے کی قیمت چکانا پڑے گی۔ایرانی میڈیا کے مطابق پاسدارانِ انقلاب نے اردن میں امریکی اڈوں پر حملے کو اسی کارروائی کے جواب میں قرار دیا ہے۔