لاہور چیمبر کا پاکستانی تاجروں کیلئےویزہ سہولت پر چینی سفارتخانے کو خراجِ تحسین

لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے ایک بیان میں کہا ہے کہ چینی سفارتخانے نے کاروباری افراد کیلئے ویزہ درخواست کے ساتھ کریکٹر سرٹیفکیٹ اور بینک اسٹیٹمنٹ پر اپاسٹائل (Apostille) کی شرط ختم کرکے ایک اہم سہولت فراہم کی ہے۔

لاہور چیمبر نے کہا کہ یہ اقدام پاکستان اور چین کے درمیان تجارتی اور اقتصادی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا مظہر ہے۔اس فیصلے سے کاروباری برادری کیلئےدستاویزی تقاضے کم ہوں گے، وقت کی بچت ہوگی اور چائنہ ویزہ حاصل کرنا مزید آسان ہو جائے گا۔

لاہور چیمبر نے پاکستان میں چینی سفیر اور اسلام آباد میں ویزہ قونصلر سیکشن کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ انہوں نے پاکستانی تاجروں کو ویزے کے اجراء کے عمل کو آسان، شفاف اور تیز تر بنانے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ چیمبر نے کہا کہ یہ سہولت خاص طور پر برآمد کنندگان، تاجروں اور سرمایہ کاروں کیلئے انتہائی مفید ثابت ہوگی جو کاروباری سرگرمیوں، تجارتی نمائشوں اور صنعتی تعاون کیلئے چین کا سفر کرتے ہیں۔

لاہور چیمبر نے مزید کہا کہ چین پاکستان کا ایک اہم تجارتی شراکت دار ہے اور اس نوعیت کے اقدامات دونوں ممالک کے درمیان تجارت کے فروغ، کاروباری روابط کے استحکام اور مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے نئے مواقع پیدا کرنے میں مددگار ثابت ہوں گے۔

بیان میں کہا گیا کہ ویزہ پالیسی میں یہ آسانی پاکستانی کاروباری افراد کی چین میں نمائشوں، تجارتی میلوں اور دیگر کاروباری تقریبات میں شرکت کو بھی بڑھائے گی، جس سے مقامی صنعت کو عالمی سپلائی چین کا حصہ بننے میں مزید مدد ملے گی۔