راولپنڈی (آئی ایس پی آر+ خبر ایجنسیاں) ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا ہے کہ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے جو بیان دیا وہ اُن کی ذاتی رائے ہے، اس پر بات نہیں کروں گا۔
راولپنڈی میں میڈیا بریفنگ کے دوران ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ پاکستان کی سیکیورٹی کے لیے اچھی حکمرانی (گڈ گورننس) بہت ضروری ہے اور گڈ گورننس کے بغیر معاملات حل نہیں ہوسکتے۔
انہوں نے کہا کہ نیشنل ایکشن پلان پر تمام سیاسی جماعتیں متفق ہیں، ہم محافظِ حرمین شریفین ہیں، سیکیورٹی اور سلامتی کا دار و مدار اچھی حکمرانی پر ہے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ ملک کی آبادی بڑھ چکی ہے، اس لیے عوامی امنگوں کے مطابق فیصلے کیے جانے چاہئیں۔ اچھی حکمرانی پاکستان کے عوام کا حق ہے اور انہیں اس کی ضرورت ہے۔
انہوں نے بتایا کہ سیکیورٹی فورسز نے رواں سال اب تک دہشت گردی کے خلاف 40 ہزار 348 آپریشن کیے، جن میں 2 ہزار 84 مصدقہ دہشت گرد مارے گئے۔
لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا کہ دہشت گردوں کو اب سمجھ آ گئی ہے کہ ان کے ساتھ کوئی نرمی نہیں برتی جائے گی، انہیں یا تو ہتھیار ڈالنا ہوں گے یا پھر سیکیورٹی فورسز انہیں ختم کر دیں گی۔

