ممبئی (بھارتی میڈیا)بھارت میں سابق ایئر ہوسٹس اور اس کے مبینہ ساتھی کو گجرات کے شہر وڈودرا سے ممبئی منشیات اسمگل کرنے کی کوشش کے الزام میں گرفتار کر لیا گیا۔ پولیس کے مطابق ملزمان کے قبضے سے تقریباً 977 گرام میفڈرون (ایم ڈی) برآمد ہوئی، جس کی مالیت تقریباً 30 لاکھ بھارتی روپے بتائی گئی ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ممبئی کرائم برانچ کو پیر کے روز اطلاع ملی تھی کہ ایک گاڑی کے ذریعے وڈودرا سے ممبئی بڑی مقدار میں منشیات منتقل کی جا رہی ہے۔ اطلاع پر پولیس نے دہلی-ممبئی ایکسپریس وے پر ٹول پوسٹ کے قریب مشتبہ گاڑی کو روک کر تلاشی لی۔
پولیس کے مطابق گاڑی میں 41 سالہ سابق ایئر ہوسٹس اور اس کا 20 سالہ مبینہ ساتھی موجود تھا۔ تلاشی کے دوران منشیات کے علاوہ متعدد موبائل فونز، پلاسٹک کی تھیلیاں اور منشیات پیک کرنے کیلئےاستعمال ہونے والے ڈبے بھی برآمد ہوئے۔
تحقیقات کے مطابق دونوں ملزمان نے ممبئی سے گاڑی کرائے پر حاصل کی تھی اور منشیات کی کھیپ لینے کیلئےوڈودرا گئے تھے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ دونوں نے وڈودرا ریلوے اسٹیشن کے قریب ایک نامعلوم خاتون سے منشیات وصول کی تھی۔
پولیس کے مطابق منشیات ممبئی پہنچنے کے بعد 5 سے 10 گرام کے چھوٹے پیکٹوں میں تقسیم کرکے طلب کے مطابق فروخت کی جانی تھی۔
تفتیش میں معلوم ہوا ہے کہ دونوں ملزمان ممبئی کے علاقے سانتاکروز میں رہتے ہیں اور کئی برس سے ایک دوسرے کو جانتے ہیں۔ پولیس کے مطابق سابق ایئر ہوسٹس ملائیشین ایئر لائنز میں ملازمت کر چکی ہے اور ملازمت کے دوران مختلف ممالک کا سفر بھی کرچکی ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ سابق ایئر ہوسٹس 2015 سے منشیات کے نیٹ ورک سے رابطے میں رہی ہے۔ اسے 2021 میں مدھیہ پردیش کے شہر اندور میں تقریباً 100 گرام منشیات کے ساتھ گرفتار کیا گیا تھا اور اس مقدمے میں وہ تقریباً 4 سال جیل میں رہی۔
پولیس کے مطابق سابق مقدمے کی تحقیقات کے دوران مدھیہ پردیش کے مختلف علاقوں میں منشیات سپلائی کرنے والے نیٹ ورکس سے اس کے روابط بھی سامنے آئے تھے۔پولیس نے موجودہ کھیپ فراہم کرنے والی نامعلوم خاتون کی تلاش شروع کر دی ہے جبکہ سابق ایئر ہوسٹس کے مبینہ سابقہ اور موجودہ منشیات نیٹ ورک کے روابط کی بھی تحقیقات کی جا رہی ہیں۔

