میرپور(نمائندہ خصوصی+نامہ نگار) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ میرپور کے عوام کا جذبہ بتا رہا ہے کہ آزاد کشمیر میں شیر آ چکا ہے، جس گرمی میں آج لوگ جلسے میں شریک ہوئے ہیں، اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ پورے آزاد کشمیر میں مسلم لیگ (ن) کامیاب ہوگی۔
میرپور، آزاد کشمیر میں مسلم لیگ (ن) کے انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ مظفرآباد میں بارش کے باوجود عوام بڑی تعداد میں جلسے میں شریک ہوئے، جبکہ آج وہ میرپور نہیں بلکہ اپنے آباؤ اجداد کے گھر آئی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ میرپور میں اچھے گھر تو بنے ہوئے ہیں لیکن افسوس سڑکیں ٹوٹی ہوئی ہیں، اب وقت آ گیا ہے کہ میرپور میں بھی ترقی کے چراغ روشن ہوں۔ ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف نے راستے میں کئی بار کہا کہ یہ کتنا خوبصورت خطہ ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ عوام کا جذبہ بتا رہا ہے کہ کشمیر کے اصل وارث واپس آ گئے ہیں اور مسلم لیگ (ن) آزاد کشمیر کے انتخابات میں بھرپور کامیابی حاصل کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ کشمیر میں وسائل اور جذبے کی کوئی کمی نہیں، صرف بہتر انفرااسٹرکچر کی ضرورت ہے۔ ان کے مطابق آزاد کشمیر میں سیاحت کے فروغ سے ترقی اور روزگار کے نئے مواقع پیدا کیے جا سکتے ہیں، جبکہ علاقے کو جدید اسپتالوں اور بہتر سڑکوں کی ضرورت ہے۔
مریم نواز نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کے علاوہ کوئی جماعت بتائے کہ اس نے کشمیر میں ایک اینٹ بھی لگائی ہو۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں عوام کو جو سہولتیں دی جا رہی ہیں، انتخابات میں کامیابی کے بعد وہی سہولتیں آزاد کشمیر میں بھی فراہم کی جائیں گی۔
انہوں نے اعلان کیا کہ وہ میرپور کے لیے 10 الیکٹرک بسوں کا تحفہ لے کر آئی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پنجاب میں دو سال کے دوران دو لاکھ افراد کو “اپنی چھت، اپنا گھر” پروگرام کے تحت گھر فراہم کیے جا چکے ہیں، جبکہ آزاد کشمیر میں بھی سیف سٹی اور “اپنی چھت، اپنا گھر” جیسے منصوبے شروع کیے جانے چاہئیں۔
مریم نواز نے عوام پر زور دیا کہ وہ سوچ سمجھ کر ووٹ دیں، ورنہ دوبارہ ترقی سے محروم رہ سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر عوام نے مسلم لیگ (ن) کو موقع دیا تو آزاد کشمیر کی تقدیر بدل دی جائے گی۔

