واشنگٹن (ایجنسیاں) امریکی فوج کے سیکریٹری ڈین ڈرسکول نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا۔ امریکی میڈیا کے مطابق ان کے استعفے کی فوری طور پر کوئی وجہ سامنے نہیں آئی۔امریکی فوج نے اس معاملے پر فوری تبصرے سے گریز کیا، جبکہ ڈین ڈرسکول کے ترجمان نے بھی کوئی جواب نہیں دیا۔
امریکی میڈیا کے مطابق ڈرسکول اور امریکی وزیر جنگ پیٹ ہیگسیٹ کے درمیان طویل عرصے سے اختلافات چلے آرہے تھے، جس کے بعد ڈرسکول نے آج صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو اپنا استعفیٰ بھیج دیا۔ ڈرسکول نائب صدر جے ڈی وینس کے قریبی دوست بھی ہیں۔
اس سے قبل پیٹ ہیگسیٹ نے اپریل میں اچانک جنرل رینڈی جارج کو عہدے سے ہٹا دیا تھا، جبکہ یورپ اور افریقا میں تعینات امریکی فوج کے کمانڈر جنرل کرسٹوفر ڈوناہیو نے جون میں غیر متوقع طور پر استعفیٰ دے دیا تھا۔
وائٹ ہاؤس کی ترجمان اینا کیلی نے کہا کہ سیکریٹری ڈرسکول نے صدر ٹرمپ کے ’امریکا کو دوبارہ مضبوط بنانے‘ کے ایجنڈے کو آگے بڑھانے میں مؤثر کردار ادا کیا اور تاریخی فوجی آپریشنز کے دوران شاندار قیادت فراہم کی۔انہوں نے کہا کہ ڈرسکول نے روس اور یوکرین کے درمیان مذاکرات میں معاونت سمیت دیگر اہم خدمات بھی انجام دیں۔

