پشاور(نمائندہ خصوصی) پشاور ہائیکورٹ نے واٹر اینڈ پاور ڈویلپمنٹ اتھارٹی (واپڈا) کے ملازمین کی مفت بجلی کی سہولت بحال کرنے سے متعلق درخواستیں مسترد کر دیں۔
عدالت نے واپڈا ملازمین کی جانب سے مفت بجلی کے یونٹس کی سہولت ختم کیے جانے کیخلاف دائر درخواستوں پر تحریری فیصلہ جاری کرتے ہوئے قرار دیا کہ مفت بجلی واپڈا ملازمین کا قانونی حق نہیں بلکہ صرف ایک انتظامی رعایت تھی، جسے ختم کرنا حکومت کے اختیار میں ہے۔
عدالت نے اپنے فیصلے میں کہا کہ مفت بجلی کی سہولت کے بجائے الاؤنس دینے کا حکومتی فیصلہ بھی قانون کے دائرۂ اختیار میں آتا ہے، لہٰذا اس میں مداخلت کی کوئی قانونی بنیاد موجود نہیں۔پشاور ہائیکورٹ نے ان دلائل کی بنیاد پر واپڈا ملازمین کی تمام درخواستیں خارج کر دیں۔

