ٹانک (نمائندہ خصوصی)خیبر پختونخوا کے ضلع ٹانک میں نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے ڈائریکٹر جنرل الیکشن کمیشن شمشاد خان شہید ہوگئے۔ترجمان الیکشن کمیشن کے مطابق شمشاد خان ٹانک میں نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ کا نشانہ بنے۔ وہ نہایت دیانت دار، شریف النفس اور فرض شناس افسر تھے۔
الیکشن کمیشن آف پاکستان نے دہشت گردی کے واقعے میں شہید ہونے والے شمشاد خان کی خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے ان کے اہل خانہ سے تعزیت اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔الیکشن کمیشن کے مطابق شمشاد خان کی کسی سے ذاتی دشمنی نہیں تھی اور یہ واقعہ ٹارگٹ کلنگ کا شاخسانہ ہے۔
چیف الیکشن کمشنر، الیکشن کمیشن کے ارکان، سیکریٹری الیکشن کمیشن اور تمام ملازمین نے اس المناک سانحے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے شہید کے اہل خانہ سے دلی تعزیت کی ہے۔
الیکشن کمیشن نے کہا ہے کہ اس مشکل گھڑی میں ادارہ سوگوار خاندان کے ساتھ کھڑا ہے۔ترجمان الیکشن کمیشن نے سرکاری ملازمین کو دہشت گردی کے واقعات سے تحفظ فراہم کرنے کا مطالبہ بھی کیا ہے۔

