ٹرمپ کی جھیل اونٹاریو کا نام ’’جھیل امریکا‘‘ رکھنے پر اے آئی ویڈیوز وائرل

واشنگٹن (دی ڈیلی بیسٹ، رائٹرز) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے جھیل اونٹاریو کا نام ’’جھیل امریکا‘‘ رکھنے کے معاملے پر اے آئی سے تیار کردہ ویڈیوز سوشل میڈیا پر جاری کردیں۔

ایک اے آئی ویڈیو میں ٹرمپ کو جھیل اونٹاریو کے نام والا بورڈ گرا کر اس کی جگہ ’’ویلکم ٹو لیک امریکا‘‘ کا بورڈ لگاتے اور پھر رقص کرتے دکھایا گیا ہے۔ ایک دوسری ویڈیو میں ٹرمپ جیسے سنہرے بالوں والی بطخوں کو رائفلیں اٹھائے جھیل کے کنارے گشت کرتے دکھایا گیا ہے۔

ٹرمپ کی جانب سے یہ ویڈیوز ایسے وقت میں سامنے آئی ہیں جب امریکا اور کینیڈا کے درمیان تجارتی کشیدگی کے دوران جھیل اونٹاریو کا نام تبدیل کرنے کا معاملہ بھی تنازع کا باعث بنا ہوا ہے۔

امریکی صدر نے 27 اگست کو ایگزیکٹو آرڈر کے ذریعے امریکی حکومت کے استعمال میں جھیل اونٹاریو کا نام ’’جھیل امریکا‘‘ رکھنے کی ہدایت کی تھی۔ امریکی حکومت کے جغرافیائی ناموں کے نظام میں نام کی تبدیلی کے بعد گوگل میپس نے بھی امریکی صارفین کے لیے جھیل کا نام ’’لیک امریکا‘‘ دکھانا شروع کردیا ہے، تاہم کینیڈا میں اسے بدستور ’’لیک اونٹاریو‘‘ ہی دکھایا جارہا ہے۔

کینیڈین وزیراعظم مارک کارنی نے نام کی تبدیلی مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ جھیل اونٹاریو کا تاریخی نام برقرار رہے گا۔