پاکستان اور امریکا کی شراکت داری اعتماداور سیکیورٹی تعاون پر مبنی ہے: نیٹلی بیکر

اسلام آباد(نمائندہ خصوصی)اسلام آباد میں ریاستہائے متحدہ امریکا کی آزادی کی اڑھائی سوویں سالگرہ کی مناسبت سے امریکی سفارتخانے میں خصوصی تقریب منعقد ہوئی جس میں وزیراعظم شہباز شریف نے بھی شرکت کی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان میں امریکی ڈپٹی چیف آف مشن نیٹلی بیکر نے کہا کہ پاکستان اور امریکا کے درمیان شراکت داری ایک جذبے، اعتماد اور مشترکہ مفادات پر مبنی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے تعلقات دیرینہ اور مضبوط بنیادوں پر قائم ہیں۔

نیٹلی بیکر کے مطابق امریکا اور پاکستان کے درمیان حقیقی دوستی اور تعاون مختلف شعبوں میں جاری ہے جن میں تجارت، سرمایہ کاری، ویزا سہولیات اور سیکیورٹی تعاون شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان شعبوں میں دونوں ممالک کی ٹیموں نے مسلسل محنت کی ہے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ اسلام آباد نے اپریل میں ایران اور امریکا کے درمیان اعلیٰ سطح کے مذاکرات کی میزبانی کی جو خطے میں سفارتی کوششوں کی ایک اہم مثال ہے۔تقریب میں وزیراعظم شہباز شریف کی شرکت کو بھی سراہا گیا اور اسے دونوں ممالک کے تعلقات میں مثبت پیش رفت قرار دیا گیا۔