عمان (اسپورٹس ڈیسک) دفاعی چیمپیئن پاکستان نے اے سی سی انڈر 19 ایشیا کپ 2026ء کے افتتاحی میچ میں متحدہ عرب امارات کو 9 وکٹوں سے شکست دے کر ایونٹ میں فاتحانہ آغاز کردیا۔ پاکستان نے 225 رنز کا ہدف صرف ایک وکٹ کے نقصان پر 37.3 اوورز میں حاصل کیا۔ عثمان خان نے ناقابلِ شکست 139 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔
گروپ اے کے اس مقابلے میں پاکستان کی جانب سے اوپنرز عثمان خان اور جہانگیر بلال نے پہلی وکٹ کے لیے 153 رنز کی اہم شراکت قائم کی۔ جہانگیر بلال 87 گیندوں پر 60 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، ان کی اننگز میں 6 چوکے شامل تھے۔
دوسری جانب عثمان خان نے عمدہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے یوتھ ون ڈے کرکٹ میں اپنی چوتھی سنچری مکمل کی۔ وہ 120 گیندوں پر 139 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے، ان کی اننگز میں 21 چوکے اور ایک چھکا شامل تھا۔ عبدالقادر نے بھی 19 گیندوں پر ناقابلِ شکست 20 رنز بنائے، جس میں ایک چوکا اور ایک چھکا شامل تھا۔
اس سے قبل متحدہ عرب امارات نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 224 رنز بنائے اور اس کی پوری ٹیم آخری اوور میں آؤٹ ہوگئی۔ نور اللہ ایوبی نے 55 گیندوں پر 70 رنز کی مزاحمتی اننگز کھیلی، جس میں 3 چوکے اور 6 چھکے شامل تھے، جبکہ یاین کرن رائے نے 74 گیندوں پر 47 رنز بنائے، ان کی اننگز میں 7 چوکے شامل تھے۔
زین اللہ رحمانی نے 44 گیندوں پر 28 جبکہ احمد خداداد نے 21 گیندوں پر 16 رنز اسکور کیے۔
پاکستان کی جانب سے محمد صیام نے عمدہ بولنگ کرتے ہوئے 10 اوورز میں 37 رنز دے کر 3 وکٹیں حاصل کیں۔ حسنین عباس ڈار، رضوان اللہ اور علی رضا نے 2، 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ نقاب شفیق نے ایک وکٹ حاصل کی۔
عثمان خان کو شاندار سنچری اسکور کرنے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔پاکستان انڈر 19 ٹیم اپنا دوسرا گروپ میچ اتوار 8 نومبر کو روایتی حریف بھارت کے خلاف کھیلے گی۔

