نیویارک (پاکستانی قونصل خانہ، ٹی ڈی اے پی) پاکستان نے شمالی امریکا کی معروف بین الاقوامی ٹیکسٹائل نمائش ٹیکس ورلڈ نیویارک سٹی 2026ء میں بھرپور شرکت کرتے ہوئے جیکب کے جیویٹس کنونشن سینٹر میں پاکستان پویلین کا افتتاح کر دیا۔
پاکستان پویلین کا باقاعدہ افتتاح امریکا میں پاکستان کے سفیر رضوان سعید شیخ نے نیویارک میں پاکستان کے قونصل جنرل عامر احمد اٹوزئی اور ٹریڈ اینڈ انویسٹمنٹ کونسلر عدنان محمود اعوان کے ہمراہ کیا۔
پاکستان پویلین کا انعقاد ٹریڈ ڈیولپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان (ٹی ڈی اے پی) نے نیویارک میں پاکستان کے قونصل خانے کے ٹریڈ اینڈ انویسٹمنٹ ونگ کے اشتراک سے کیا، جس میں پاکستان کی ویلیو ایڈڈ ٹیکسٹائل، ملبوسات، چمڑے کی مصنوعات، کھیلوں کے سامان اور ہوم ٹیکسٹائل کی صنعت کی بڑھتی ہوئی صلاحیتوں کو اجاگر کیا گیا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان کے سفیر رضوان سعید شیخ نے کہا کہ پاکستان کا ٹیکسٹائل شعبہ قومی معیشت میں کلیدی حیثیت رکھتا ہے اور حکومت برآمدات کے فروغ اور امریکا کے ساتھ تجارتی تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے لیے پُرعزم ہے۔
قونصل جنرل عامر احمد اٹوزئی نے کہا کہ پاکستان عالمی خریداروں کے لیے ایک قابلِ اعتماد سورسنگ ڈیسٹینیشن کے طور پر اپنی شناخت مضبوط بنا چکا ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ قونصل خانہ پاکستان اور امریکا کے درمیان تجارتی شراکت داری کو فروغ دینے کے لیے ہر ممکن سہولت فراہم کرتا رہے گا۔
ٹریڈ اینڈ انویسٹمنٹ کونسلر عدنان محمود اعوان نے کہا کہ ٹیکس ورلڈ نیویارک سٹی پاکستانی برآمد کنندگان کے لیے ایک اہم پلیٹ فارم ہے، جہاں وہ بین الاقوامی خریداروں سے روابط استوار کر کے امریکی منڈی میں اپنی موجودگی مزید مضبوط بنا سکتے ہیں۔
پاکستان پویلین میں ملک کی پانچ نمایاں کمپنیاں اے ون انفینٹی، ایم آر آئی گروپ، ہوم ٹیکس کارپوریشن، روقی اسپورٹس اور نیزا اسپورٹس اپنی مصنوعات کی نمائش کر رہی ہیں، جن میں ہوم ٹیکسٹائل، تولیے، ملبوسات، چمڑے کے ملبوسات، اسپورٹس ویئر، دستانے اور دیگر ٹیکسٹائل مصنوعات شامل ہیں۔
تین روزہ نمائش کے دوران پاکستانی کمپنیاں امریکا اور دیگر ممالک سے آنے والے خریداروں اور صنعت سے وابستہ نمائندوں سے ملاقاتیں کریں گی، تاکہ پاکستان کی صنعتی مہارت، جدت اور برآمدی صلاحیت کو عالمی سطح پر مزید اجاگر کیا جا سکے۔
29 سے 31 جولائی 2026ء تک جاری رہنے والی اس نمائش میں پاکستان کی شرکت عالمی ٹیکسٹائل منڈی میں اپنی موجودگی مضبوط بنانے اور بین الاقوامی خریداروں کے ساتھ طویل المدتی تجارتی روابط استوار کرنے کے عزم کا مظہر ہے۔

