تہران(پاکستانی سفارت خانہ، تہران) اسلامی جمہوریہ ایران میں پاکستان کے سفیر عمران احمد صدیقی نے ایران کے نائب وزیر خارجہ اور انسٹی ٹیوٹ فار پولیٹیکل اینڈ انٹرنیشنل اسٹڈیز (آئی پی آئی ایس) کے صدر سعید خطیب زادہ سے ملاقات کی؛
جس میں دونوں رہنماؤں نے باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلۂ خیال کرتے ہوئے پاکستان اور ایران کے درمیان دوطرفہ تعاون، تعلقات اور ادارہ جاتی روابط کو مزید مضبوط بنانے کے مختلف پہلوؤں پر گفتگو کی۔اسی روز پاکستان کے سفیر عمران احمد صدیقی نے تہران میں واقع پاکستانی سفارت خانے میں ایران میں سری لنکا کی سفیر فاضیحہ عظمیٰ سے بھی ملاقات کی۔
ملاقات کے دوران دونوں سفیروں نے پاکستان اور سری لنکا کے دوطرفہ تعلقات کا جائزہ لیا اور باہمی دلچسپی کے مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دینے اور وسعت دینے کے امکانات پر تبادلۂ خیال کیا۔دونوں ملاقاتوں میں اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ باہمی روابط، ادارہ جاتی تعاون اور مشترکہ مفادات کے شعبوں میں تعاون کو مزید مستحکم بنانے کے لیے رابطوں کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔

