کراچی( نمائندہ خصوصی)پولیس فنڈز میں مبینہ 15 کروڑ روپے سے زائد کرپشن کے مقدمے میں سابق آئی جی سندھ غلام حیدر جمالی کو 9 جولائی کو اینٹی کرپشن عدالت میں طلب کر لیا گیا۔کراچی کی اینٹی کرپشن عدالت سندھ میں سابق آئی جی سندھ غلام حیدر جمالی اور دیگر پولیس افسران کے خلاف مقدمے کی سماعت ہوئی، جس دوران تفتیشی افسر نے نیب کے سابق ریفرنس کی ضمنی چارج شیٹ عدالت میں جمع کرا دی۔
عدالت نے مقدمے میں نامزد تمام ملزمان کو نوٹس جاری کرتے ہوئے سابق آئی جی سندھ غلام حیدر جمالی، ایس ایس پی فیصل بشیر میمن، ایس ایس پی فدا شاہ اور دیگر ملزمان کو آئندہ سماعت پر ذاتی حیثیت میں پیش ہونے کا حکم دیا ہے۔عدالتی ذرائع کے مطابق 9 جولائی کو ہونے والی سماعت کے دوران ملزمان پر ضمنی فردِ جرم عائد کیے جانے کا امکان ہے۔استغاثہ کا مؤقف ہے کہ ملزمان پولیس فنڈز میں 15 کروڑ روپے سے زائد کی مبینہ کرپشن میں ملوث ہیں۔
یہ مقدمہ ماضی میں قومی احتساب بیورو کے دائرہ اختیار میں تھا اور اس حوالے سے ریفرنس بھی زیرِ سماعت رہا، تاہم نیب ترمیمی قانون کے بعد کیس اینٹی کرپشن عدالت منتقل کر دیا گیا تھا۔عدالت آئندہ سماعت پر ضمنی چارج شیٹ، ملزمان کی حاضری اور فردِ جرم سے متعلق قانونی کارروائی کا جائزہ لے گی۔

