کینیڈا پوسٹ اور ڈاک ملازمین کے معاہدے کی منظوری اہم پیش رفت قرار

اوٹاوا (نمائندہ خصوصی) کیوبک سے تعلق رکھنے والےوفاقی وزیر برائے حکومتی تبدیلی، پبلک ورکس اور سرکاری خریداری جویل لائٹ باؤنڈ نے کینیڈا پوسٹ اور ڈاک ملازمین کی یونین کے درمیان عارضی معاہدوں کی منظوری کے ووٹ پر بیان جاری کرتے ہوئے اسے ادارے کے استحکام کی جانب اہم قدم قرار دیا ہے۔

وزیر کے مطابق کینیڈا پوسٹ اور کینیڈین یونین آف پوسٹل ورکرز کے درمیان طے پانے والے معاہدوں کی توثیق نہ صرف ملازمین بلکہ کاروباری اداروں اور عام شہریوں کیلئے بھی اہم پیش رفت ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کا مؤقف ہے کہ مضبوط معاہدے وہی ہوتے ہیں جو فریقین خود مذاکرات کے ذریعے طے کریں، اور یہی جمہوری اور منصفانہ عمل ہے۔بیان میں کہا گیا کہ کینیڈا پوسٹ ملک کے اہم اداروں میں سے ایک ہے جو دور دراز، دیہی اور مقامی آبادیوں کو ایک دوسرے سے جوڑتا ہے اور بہت سے علاقوں میں واحد ڈیلیوری سروس فراہم کرتا ہے۔

وزیر کے مطابق یہ ادارہ چھوٹے اور درمیانے کاروباروں کے لیے بھی ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے، کیونکہ بہت سے کاروبار اسی کے ذریعے اپنی مصنوعات صارفین تک پہنچاتے ہیں۔انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ موجودہ دور میں ادارے کو مالی طور پر مستحکم اور جدید تقاضوں کے مطابق ڈھالنا ضروری ہے، کیونکہ مسلسل مالی خسارہ اور غیر یقینی صورتحال قابل قبول نہیں۔

حکومت نے ستمبر 2025 میں کینیڈا پوسٹ کی اصلاحات کا عمل شروع کرنے کی ہدایت دی تھی، جس کا مقصد ادارے کو جدید خطوط پر استوار کرنا ہے۔بیان کے مطابق حالیہ منظوری کا ووٹ ایک اہم سنگِ میل ہے، جو ادارے میں اعتماد بحال کرنے اور مستقبل کی اصلاحات کے لیے راستہ ہموار کرے گا۔