ہیلی فیکس(نامہ نگار)کینیڈا کے شہر ہیلی فیکس کے قریب جنگلاتی علاقے سے نومولود بچے کی لاش ملنے کے مقدمے میں گرفتار مرد اور خاتون کو عدالت نے مزید سماعت تک پولیس تحویل میں رکھنے کا حکم دے دیا جبکہ بچے کی والدہ بدستور اسپتال میں تشویشناک حالت میں زیرِ علاج ہیں۔
سکھپریت سنگھ اور ان کی اہلیہ رامن دیپ کور پر بچے کی لاش چھپانے، انصاف میں رکاوٹ ڈالنے اور لاش کی بے حرمتی کرنے کے الزامات عائد کیے گئے ہیں۔
دونوں ملزمان نے پیر کے روز ویڈیو لنک کے ذریعے ہیلی فیکس کی صوبائی عدالت میں علیحدہ علیحدہ پیشی دی۔ چیف کراؤن وکیل نے مزید تحقیقات کیلئے تین روز کی مہلت طلب کی، جسے عدالت نے منظور کرتے ہوئے دونوں کو جمعرات تک پولیس تحویل میں رکھنے کا حکم دیا۔
پولیس کے مطابق 23 سالہ خاتون کو جمعے کے روز ہیلی فیکس کے علاقے کلیٹن پارک میں واقع ایک نئی رہائشی عمارت سے اسپتال منتقل کیا گیا تھا۔ امدادی اہلکاروں کو شبہ ہوا کہ خاتون نے حال ہی میں بچے کو جنم دیا ہے مگر بچہ وہاں موجود نہیں تھا۔
بعد ازاں پولیس نے عمارت اور اطراف میں تلاش شروع کی، جبکہ چار افراد کو حراست میں لے کر پوچھ گچھ کی گئی۔ ہفتے اور اتوار کے دوران 60 سے زائد رضاکاروں اور پولیس اہلکاروں نے علاقے میں تلاش جاری رکھی۔پولیس کا کہنا ہے کہ دورانِ تفتیش ایک دوسرے مقام کا پتا چلا، جس کے بعد اتوار کی سہ پہر گڈووڈ کے جنگلاتی علاقے سے نومولود بچے کی باقیات برآمد ہوئیں۔
پولیس نے اس واقعے کو انتہائی افسوسناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ طبی معائنہ کار دفتر بچے کی شناخت اور موت کی وجہ جاننے کیلئےپوسٹ مارٹم کریگا۔ انہوں نے مزید کہا کہ خاتون کی موجودہ حالت کسی تشدد کا نتیجہ نہیں لگتی۔

