یومِ استحصال: مسلح افواج کا مقبوضہ کشمیر کے عوام سے اظہارِ یکجہتی

راولپنڈی(آئی ایس پی آر)یومِ استحصالِ کشمیر کے موقع پر فیلڈ مارشل عاصم منیر، پاک فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو اور پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل نوید اشرف نے مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام سے اظہارِ یکجہتی کرتے ہوئے ان کی حقِ خودارادیت کی جدوجہد کی مکمل حمایت کا اعادہ کیا ہے۔

پاک فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان کے مطابق مسلح افواج نے بھارت کے غیرقانونی زیرِ قبضہ جموں و کشمیر کے عوام کے ساتھ اپنی غیرمتزلزل یکجہتی کا اعادہ کرتے ہوئے کشمیریوں کے ناقابلِ تنسیخ حقِ خودارادیت کے حصول کی جائز جدوجہد کے لیے بھرپور حمایت جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔

بیان میں کہا گیا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر پر بھارتی سیکیورٹی فورسز کا مسلسل غیرقانونی قبضہ، فوجی محاصرہ، انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں اور آبادی کا تناسب تبدیل کرنے کی کوششیں شدید تشویش کا باعث ہیں۔

آئی ایس پی آر کے مطابق بھارت کے اشتعال انگیز بیانات اور جارحانہ طرزِ عمل خطے میں عدم استحکام کو مزید بڑھا رہے ہیں، جبکہ جنوبی ایشیا میں پائیدار امن اور استحکام کا انحصار مسئلہ جموں و کشمیر کے منصفانہ اور پُرامن حل پر ہے۔بیان میں مزید کہا گیا کہ مسئلہ جموں و کشمیر کا حل کشمیری عوام کی امنگوں اور اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق ہونا چاہیے۔

ترجمان پاک فوج کے مطابق پاکستانی عوام اور مسلح افواج بھارتی غیرقانونی زیرِ قبضہ جموں و کشمیر کے شہداء کو بھرپور خراجِ عقیدت پیش کرتے ہیں اور کشمیری عوام کی آزادی کی جائز اور برحق جدوجہد میں ان کے شانہ بشانہ کھڑے رہنے کے اپنے غیرمتزلزل عزم کا اعادہ کرتے ہیں۔