دبئی(سپورٹس ڈیسک)پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم کی اوپنر گل فیروزہ کے خلاف عالمی کرکٹ کونسل نے ویمن ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے دوران ضابطۂ اخلاق کی خلاف ورزی پر کارروائی کرتے ہوئے انہیں سرزنش اور ایک ڈی میرٹ پوائنٹ دے دیا ہے۔
عالمی کرکٹ کونسل کے مطابق گل فیروزہ نے آسٹریلیا کے خلاف میچ میں لیول ون ضابطۂ اخلاق کی خلاف ورزی کی۔کونسل کا کہنا ہے کہ گل فیروزہ آؤٹ ہونے کے بعد مایوسی کے عالم میں ٹیم ڈگ آؤٹ کے قریب جارحانہ انداز میں اپنا بیٹ اور دستانے پھینک بیٹھی تھیں، جسے ضابطۂ اخلاق کی خلاف ورزی قرار دیا گیا۔
عالمی کرکٹ کونسل کے مطابق پاکستانی بیٹر نے اپنی غلطی تسلیم کرتے ہوئے مجوزہ سزا قبول کر لی، جس کے باعث باضابطہ سماعت کی ضرورت پیش نہیں آئی۔
ضابطۂ اخلاق کے تحت لیول ون خلاف ورزی کی صورت میں کھلاڑی کو سرزنش، جرمانہ یا ڈی میرٹ پوائنٹس دیے جا سکتے ہیں۔ اس کارروائی کے بعد گل فیروزہ کے ریکارڈ میں ایک ڈی میرٹ پوائنٹ کا اضافہ کر دیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ ڈی میرٹ پوائنٹس ایک مقررہ مدت تک کھلاڑی کے ریکارڈ کا حصہ رہتے ہیں، جبکہ ان کی تعداد بڑھنے کی صورت میں معطلی یا دیگر سخت تادیبی کارروائی بھی عمل میں لائی جا سکتی ہے۔

