ڈبلن(سپورٹس ڈیسک)آئرلینڈ میں جاری ویمنز ٹی ٹوئنٹی سہ ملکی سیریز کے پہلے میچ میں ویسٹ انڈیز ویمنز ٹیم نے پاکستان ویمنز ٹیم کو 25 رنز سے شکست دے دی۔کاسل ایونیو گراؤنڈ میں کھیلے گئے میچ میں ویسٹ انڈیز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 199 رنز بنائے۔ کپتان ہیلی میتھیوز نے 40 رنز کی عمدہ اننگز کھیل کر ٹیم کو اچھا آغاز فراہم کیا۔
اسٹیفنی ٹیلر نے 39 رنز بنائے جبکہ جینیلیا گلاسگو نے 42 رنز کی شاندار اننگز کھیل کر اپنی ٹیم کا مجموعہ 199 رنز تک پہنچایا اور پاکستان کو جیت کے لیے 200 رنز کا ہدف دیا۔ہدف کے تعاقب میں پاکستان ویمنز ٹیم کا آغاز اچھا نہ رہا اور 52 رنز پر چار کھلاڑیاں آؤٹ ہو گئیں۔ منیبہ علی 2 اور گل فیروزہ 4 رنز بنا کر پویلین واپس لوٹ گئیں۔
پاکستان کی جانب سے سائرہ جبین نے 30، عالیہ ریاض نے 37 جبکہ کپتان فاطمہ ثنا نے 27 رنز بنائے، تاہم پاکستانی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 174 رنز ہی بنا سکی۔اس فتح کے ساتھ ویسٹ انڈیز نے سہ ملکی سیریز کا کامیاب آغاز کیا، جبکہ پاکستان ویمنز ٹیم اپنا دوسرا میچ 31 مئی کو آئرلینڈ کے خلاف کھیلے گی۔

