آٹھویں ورلڈ تائیکوانڈو پریزیڈنٹ کپ ایشیئن ریجن کا آج سے لاہور میں آغاز

پاکستان میں پہلی مرتبہ کسی ورلڈ کلاس ایونٹ میں ریکارڈ 38 ممالک اور 869 ایتھلیٹس شرکت کر رہے ہیں، ایونٹ کے انعقاد میں تعاون پر وزیر اعلی پنجاب مریم نواز سمیت تمام اداروں کے مشکور ہیں: کرنل وسیم احمد جنجوعہ

پریزیڈنٹ کپ کیلۓ پاکستان تائیکوانڈو فیڈریشن کے شاندار انتظامات سے مطمئن ہوں، پاکستان نے تیکوانڈو میں خاصی ترقی کی مزید ایونٹس کی میزبانی دینے کا بھی جائزہ لیں گے:صدر ایشیئن تائیکوانڈو یونین

پاکستان تائیکوانڈو فیڈریشن کے زیر اہتمام اور ایشیئن تائیکوانڈو یونین کے تعاون سے آٹھواں ورلڈ تائیکوانڈو پریزیڈنٹ کپ 2026 ( ایشیئن ریجن) آج سے جناح سپورٹس کمپلیکس لاہور میں شروع ہو رہا ہے جو 17 تا 21 اگست تک جاری رہے گا۔ ایونٹ میں 38 ممالک کے 869 ایتھلیٹس اور آفیشلز شرکت کر رہے ہیں۔

چیئرمین پاکستان تائیکوانڈو فیڈریشن کرنل ( ر) وسیم احمد جنجوعہ نے صدر ایشیئن تائیکوانڈو یونین سانگ جن کم،وائس پریزیڈنٹ رجندر موتو سامی،ریفری چیئرمین کی سو لی کے ہمراہ مقامی ہوٹل میں پریس کانفرس کرتے ہوۓ کہا کہ یہ بہت خوشی کا موقع ہے پاکستان ورلڈ کلاس ایونٹ کی میزبانی کر رہا ہے یہ پاکستان کا واحد ایونٹ ہے جس میں ریکارڈ تعداد میں ممالک اور ایتھلیٹس شرکت کر رہے ہیں۔

ہم نے پریزیڈنٹ کپ کی میزبانی ایک چیلنج سمجھ کر قبول کی الحمد اللہ ہم نے تمام تیاریاں مکمل کر لی ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ لاہور اب پریزیڈنٹ کپ کے انعقاد سے تائیکوانڈو کا انٹرنیشنل مرکز بن گیا ہے۔ہم وزیر اعلی پنجاب مریم نواز، پنجاب پولیس اور تمام سکیورٹی ایجنسیز کے مشکور ہیں کہ وہ ایونٹ اور تمام انٹرنیشنل مہمانوں کیلۓ وی وی آئی پی سیکورٹی فراہم کر رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ سپانسرز حضرات اور میڈیا کے تعاون کے بغیر ایونٹ کامیاب نہیں ہو سکتا۔

صدر ایشیئن تائیکوانڈو یونین مسٹر سانگ جن کم نے ایونٹ کیلۓ پاکستان تائیکوانڈو فیڈریشن کے انتطامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔اور کہا کہ اس انٹرنیشن ایونٹ سے پاکستان کا ایک مثبت امیج دنیا بھر میں جاۓ گا،مجھے پاکستان آ کر بہت خوشی ہے خاص طور پر کلچرل شہر لاہور بہت اچھا لگا۔پاکستان میں تائیکوانڈو کا ٹیلنٹ بہت ہے پاکستان تائیکوانڈو فیڈریشن اس کھیل کے فروغ کیلۓ بہت کام کر رہی ہے ایشیئن تایکوانڈو یونیں ان کے ساتھ ہے۔

کرنل وسیم احمد نے ایونٹ کی مزید تفصیلات بتاتے ہوۓ کہا۔ کہ ایونٹ میں پومسے، کیوروگی اور پیرا کیوروگی کیٹیگری میں مقابلے ہوں گے۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ پاکستانی ایتھلیٹس ایونٹ میں شاندار کھیل پیش کریں گے انشاء اللہ پومسے کیٹیگری میں سو فیصد گولڈ میڈل حاصل کریں گے۔ہمارے دو ایتھلیٹس جاپان میں ہونے والی ایشیئنز گیمز شرکت کریں گے۔