اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے فلسطینی فٹبالر شہید، فیفا کی خاموشی پر تنقید

غزہ( الجزیرہ، فلسطینی فٹبال ایسوسی ایشن، انادولو ایجنسی، گلف نیوز)غزہ میں اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے فلسطینی فٹبالر اور گول کیپر سلیم الاشقر شہید ہو گئے جبکہ ان کی شہادت پر فیفا کی خاموشی پر تنقید کی جا رہی ہے۔

بین الاقوامی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق فلسطینی فٹبال ایسوسی ایشن نے اس ہفتے کے آغاز میں سلیم الاشقر کی شہادت کا اعلان کیا تھا۔رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ 32 سالہ فٹبالر کو اسرائیلی فوج نے خان یونس کے شمال مشرق میں واقع قصبے القارا میں گولی مار کر شہید کیا۔

رپورٹ کے مطابق سلیم الاشقر نے غزہ کے مختلف اسپورٹس کلبز کے لیے بطور گول کیپر کھیلا، شہادت سے 5 ماہ قبل ان کی شادی ہوئی، اب ان کی اہلیہ حاملہ ہیں اور بچے کی پیدائش کی خوشی منانے سے پہلے انہیں اتنا بڑا دکھ مل گیا ہے۔رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ 7 اکتوبر 2023ء سے جاری جنگ کے دوران اب تک ایک ہزار سے زائد فلسطینی کھلاڑی شہید ہو چکے ہیں۔