اسلام آباد:پیٹرول 3 روپے 39 پیسے، ڈیزل 4 روپے 7 پیسے فی لیٹر سستا

اسلام آباد(پیٹرولیم ڈویژن، خبر ایجنسیاں) حکومت نے 5 اگست کے لیے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا اعلان کرتے ہوئے پیٹرول 3 روپے 39 پیسے اور ہائی اسپیڈ ڈیزل 4 روپے 7 پیسے فی لیٹر سستا کردیا ہے۔

پیٹرولیم ڈویژن کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرول کی قیمت میں 3 روپے 39 پیسے فی لیٹر کمی کے بعد نئی قیمت 328 روپے 56 پیسے فی لیٹر مقرر کردی گئی ہے، جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل 4 روپے 7 پیسے فی لیٹر سستا ہونے کے بعد اس کی نئی قیمت 385 روپے 86 پیسے فی لیٹر مقرر کی گئی ہے۔

نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ پیٹرول اور ڈیزل کی نئی قیمتیں 5 اگست سے نافذ العمل ہوں گی۔

حکومت نے خطے کی بگڑتی ہوئی صورتحال کے پیش نظر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا تعین روزانہ کی بنیاد پر کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔ اس پالیسی کے تحت آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) وزیراعظم یا وفاقی حکومت کی منظوری کے بغیر قیمتوں کا اعلان کرتی ہے، جبکہ ہفتہ اور اتوار کو پہلے سے جاری کردہ قیمتیں برقرار رہتی ہیں۔

یاد رہے کہ 3 اگست کو بھی پیٹرول کی قیمت میں 4 روپے 8 پیسے فی لیٹر اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 2 روپے 45 پیسے فی لیٹر کمی کی گئی تھی، جبکہ 31 جولائی کو پیٹرول 12 پیسے اور ڈیزل 66 پیسے فی لیٹر سستا کیا گیا تھا۔