اسلام آباد (نمائندہ خصوصی)وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) اور ہیومن آرگن ٹرانسپلانٹ اتھارٹی کی مشترکہ ٹیم نے اسلام آباد کے سیکٹر ایف-7 میں کارروائی کرتے ہوئے انسانی پلاسنٹا کی مبینہ غیرقانونی خرید و فروخت میں ملوث چینی باشندوں سمیت پانچ افراد کو گرفتار کر لیا۔
ایف آئی اے کے مطابق چھاپے کے دوران بڑی مقدار میں تازہ، خشک اور پراسیس شدہ انسانی پلاسنٹا برآمد کیا گیا، جسے قبضے میں لے کر مزید تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔
ابتدائی تحقیقات کے مطابق ملزمان پشاور، راولپنڈی اور لاہور کے مختلف اسپتالوں سے انسانی پلاسنٹا حاصل کرتے تھے اور اسے بھیڑ کے اعضا ظاہر کر کے بیرون ملک بھجواتے تھے۔
ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ ابتدائی شواہد سے معلوم ہوا ہے کہ پراسیس شدہ پلاسنٹا ویتنام برآمد کیا جا رہا تھا، جہاں اسے ادویات اور دیگر طبی مصنوعات کی تیاری میں استعمال کیا جاتا ہے۔
حکام کے مطابق ملزمان نے مقامی سہولت کاروں کی مدد سے اس مقصد کے لیے ایک منظم نیٹ ورک قائم کر رکھا تھا۔ایف آئی اے نے بتایا کہ برآمد شدہ نمونے طبی معائنے اور فرانزک تجزیے کے لیے پمز اسپتال بھجوا دیے گئے ہیں، جبکہ گرفتار ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے۔

