اسلام آباد: شہید عاصم طارق کیس، ملزم 14 روزہ جوڈیشل لاک اپ بھیج دیا گیا

اسلام آباد(نامہ نگار)اسلام آباد کی انسدادِ دہشت گردی عدالت نے پاک فضائیہ کے گروپ کیپٹن شہید عاصم طارق کے قتل کیس میں گرفتار ملزم سعد عباسی کو 14 روز کے لیے شناخت پریڈ کی غرض سے جوڈیشل لاک اپ بھیج دیا۔

انسدادِ دہشت گردی عدالت میں کیس کی سماعت کے دوران تفتیشی افسر نے مؤقف اختیار کیا کہ ملزم کی شناخت پریڈ کرانا مقصود ہے، جس پر عدالت نے ملزم کو 14 روزہ جوڈیشل لاک اپ بھیجنے کا حکم دیتے ہوئے آئندہ سماعت 20 جولائی مقرر کر دی۔

سماعت کے دوران سرکاری وکیل راجا نوید نے عدالت کو بتایا کہ مقدمے میں دو چشم دید گواہ بھی موجود ہیں۔

عدالتی کارروائی کے دوران جج ابوالحسنات نے ملزم سے وقوعے سے متعلق استفسار کیا، جس پر ملزم نے مؤقف اختیار کیا کہ وہ ایک لڑکی کے ساتھ موجود تھا اور مقتول انہیں پریشان کر رہے تھے۔ اس پر جج نے ریمارکس دیے کہ “پریشان کیا، کیا اچھا کام کر رہے تھے جو پریشان کیا؟”

عدالت نے ملزم کو شناخت پریڈ مکمل ہونے تک جوڈیشل لاک اپ میں رکھنے کا حکم دیتے ہوئے مزید کارروائی 20 جولائی تک ملتوی کر دی۔