اسلام آباد میں 3 سالہ بچی مبینہ زیادتی کے بعد قتل، بہنوئی گرفتار

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) شمس ٹاؤن جھنگی سیداں میں 3 سالہ بچی کو مبینہ زیادتی کے بعد قتل کردیا گیا، پولیس نے بچی کے بہنوئی کو گرفتار کرلیا۔ایف آئی آر کے مطابق بچی 22 ستمبر کو گلی میں کھیل رہی تھی اور گھر واپس نہیں آئی، جس پر رات 11 بجے اس کی والدہ نے پولیس کو اطلاع دی۔

اسلام آباد پولیس کے مطابق تھانہ نون میں مقدمہ درج کرکے بچی کی تلاش شروع کی گئی اور ڈی آئی جی اسلام آباد علی وسیم نے ایس پی انڈسٹریل زون ڈاکٹر ایاز حسین کی نگرانی میں پولیس ٹیمیں تشکیل دیں۔

پولیس ٹیموں نے سی سی ٹی وی فوٹیج، جدید ٹیکنالوجی اور انسانی ذرائع کی مدد سے ملزم کاشف کو دو گھنٹے سے بھی کم وقت میں گرفتار کرلیا۔ پولیس کے مطابق ملزم رشتے میں بچی کا بہنوئی لگتا ہے۔پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم کی نشاندہی پر بچی کی لاش برآمد کرکے قانونی کارروائی کیلئے پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز منتقل کردی گئی۔

ایس پی ڈاکٹر ایاز حسین کے مطابق ڈاکٹروں نے بچی کے ساتھ زیادتی کی تصدیق کی ہے، جبکہ پولیس کے مطابق زیرِ حراست ملزم نے بچی کے قتل کا اعتراف بھی کیا ہے۔پولیس نے گرفتار ملزم کا 5 روزہ جسمانی ریمانڈ حاصل کرلیا ہے، جبکہ واقعے کے دیگر پہلوؤں کی تفتیش جاری ہے۔