تیرانا(ایجنسیاں)البانیا میں کھیلے گئے ایک فٹ بال میچ کے دوران اسرائیلی ٹیم کو شائقین کے شدید ردعمل کا سامنا کرنا پڑا، جہاں تماشائیوں نے اسرائیلی کھلاڑیوں پر کوڑا کرکٹ اور جوتے پھینک دیے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق میچ سے قبل اسرائیل کے قومی ترانے کے دوران بھی شائقین نے ہوٹنگ کی اور اسرائیل مخالف نعرے لگائے، جس کے باعث اسٹیڈیم میں کشیدگی کی فضا پیدا ہوگئی۔
میچ کے دوران صورتحال اس وقت مزید کشیدہ ہوگئی جب دوسرے ہاف میں اسرائیلی ٹیم کے ایک کھلاڑی نے گول کرنے کے بعد اپنی جرسی پر موجود لوگو کو بوسہ دیا اور مخالف شائقین کی جانب خاموش رہنے کا اشارہ کیا۔
اس اقدام پر اسٹیڈیم میں موجود بعض شائقین مشتعل ہوگئے اور انہوں نے میدان کی جانب مختلف اشیا پھینکنا شروع کردیں۔ بعد ازاں دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں کے درمیان تلخ کلامی ہوئی جو دھکم پیل تک جا پہنچی۔
رپورٹس کے مطابق البانیا کے بعض کھلاڑی بھی اسرائیلی فٹبالر کے رویے پر برہم نظر آئے اور میدان میں دونوں جانب کے کھلاڑیوں کے درمیان کشیدگی دیکھنے میں آئی، تاہم میچ مکمل کر لیا گیا۔
یہ واقعہ ایسے وقت پیش آیا ہے جب غزہ میں جاری جنگ کے باعث دنیا کے مختلف ممالک میں اسرائیل کے خلاف احتجاجی مظاہروں اور عوامی ردعمل میں اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔

