امریکا نے کولمبیا کیلئے ایک ارب ڈالرز کی امداد فراہم کرنے کا عندیہ دے دیا

واشنگٹن(امریکی محکمہ خارجہ) امریکا نے کولمبیا کیلئے ایک ارب ڈالرز کی امداد فراہم کرنے کا عندیہ دے دیا۔امریکی محکمہ خارجہ کے مطابق واشنگٹن کا ارادہ ہے کہ کولمبیا کیلئے ایک ارب ڈالرز کی امداد کی منظوری کانگریس سے حاصل کی جائے۔

امریکی محکمہ خارجہ کے حکام نے کہا کہ کولمبیا کیلئے مجوزہ امداد مشترکہ اہداف کے حصول کیلئے ایک سیکیورٹی پیکیج کا حصہ ہوگی۔محکمہ خارجہ کے مطابق کولمبیا کو ٹرمپ انتظامیہ کی جانب سے تشکیل دیے گئے ’’شیلڈ آف دی امریکنز‘‘ اتحاد میں بھی شامل کرلیا گیا ہے۔

امریکی حکام کے مطابق کولمبیا کیلئے سیکیورٹی تعاون کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان مشترکہ سلامتی کے اہداف کو آگے بڑھانا ہے۔واضح رہے کہ کولمبیا کے نئے صدر ابیلاردو ڈی لا ایسپریئیا نے گزشتہ روز اپنے عہدے کا حلف اٹھایا تھا۔

نئے صدر نے انتخابی مہم کے دوران ملک میں جرائم کے خلاف سخت کارروائی اور معیشت کی بحالی کیلئے مؤثر اقدامات کرنے کے عزم کا اظہار کیا تھا۔امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھی کولمبیا کے صدارتی انتخابات کے دوران ابیلاردو ڈی لا ایسپریئیا کی حمایت کی تھی۔

امریکا کی جانب سے ایک ارب ڈالرز کے سیکیورٹی پیکیج کی ممکنہ منظوری کو دونوں ممالک کے درمیان دفاعی اور سلامتی کے تعاون میں اضافے کی اہم پیش رفت قرار دیا جارہا ہے۔