امریکا کا ایرانی خام تیل اور پیٹرولیم مصنوعات کی ترسیل کیلئے جنرل لائسنس جاری

واشنگٹن(امریکی محکمہ خزانہ، امریکی میڈیا)امریکی محکمہ خزانہ نے ایران کیلئےجنرل لائسنس جاری کر دیا ہے، جس کے تحت ایرانی خام تیل، پیٹروکیمیکل اور پیٹرولیم مصنوعات کی پیداوار، ترسیل اور فروخت کی اجازت دی گئی ہے۔

امریکی میڈیا کے مطابق جاری کردہ لائسنس کے تحت ایران کو خام تیل اور پیٹروکیمیکل مصنوعات کی ترسیل اور فروخت کی اجازت 21 اگست 2026 تک حاصل ہوگی۔امریکی محکمہ خزانہ کا کہنا ہے کہ لائسنس کے تحت ایرانی خام تیل، پیٹروکیمیکل اور دیگر پیٹرولیم مصنوعات کی امریکا میں درآمد کی بھی اجازت دی گئی ہے۔

رپورٹ کے مطابق اس سہولت کے باوجود ایرانی تیل اور پیٹرولیم مصنوعات کی شمالی کوریا، کیوبا اور یوکرین کو ترسیل کی اجازت نہیں ہوگی۔امریکی حکام کا کہنا ہے کہ یہ اقدام حالیہ سفارتی پیش رفت اور ایران کے ساتھ طے پانے والی مفاہمتی یادداشت کے تناظر میں کیا گیا ہے، جبکہ متعلقہ سرگرمیاں لائسنس میں درج شرائط و ضوابط کے مطابق انجام دی جائیں گی۔