امریکا: ہنگامی لینڈنگ کے دوران چھوٹا طیارہ سڑک پر گر گیا، 2 مسافر محفوظ

وسکونسن(ونیبیگو کاؤنٹی شیرف آفس، فیڈرل ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن، نیشنل ٹرانسپورٹیشن سیفٹی بورڈ)امریکی ریاست وسکونسن کے ونیبیگو کاؤنٹی کے علاقے کلیٹن میں فنی خرابی کے باعث ایک چھوٹے طیارے نے سڑک پر ہنگامی لینڈنگ کی، تاہم حادثے میں دونوں افراد محفوظ رہے۔

ونیبیگو کاؤنٹی شیرف آفس کے مطابق حادثہ جمعرات کی سہ پہر اوک رج روڈ پر پیش آیا، جہاں ایک سنگل انجن زین ایئر سی ایچ-750 کروزر طیارے کو فنی خرابی کے باعث سخت لینڈنگ کرنا پڑی۔ لینڈنگ کے بعد طیارہ سڑک کے کنارے جزوی طور پر ایک کھائی میں جا رکا۔

حکام کے مطابق طیارے میں سوار 71 سالہ فرانسیسی پائلٹ اور 22 سالہ سویڈش مسافر حادثے میں محفوظ رہے اور انہیں کوئی چوٹ نہیں آئی۔حادثے کے نتیجے میں طیارے کے اگلے حصے اور لینڈنگ گیئر کو نقصان پہنچا۔

واقعے کی اطلاع ملنے پر کلیٹن فائر ڈیپارٹمنٹ، ریسکیو اہلکار، ایپلٹن انٹرنیشنل ایئرپورٹ پبلک سیفٹی اور وسکونسن اسٹیٹ پٹرول نے امدادی کارروائی میں حصہ لیا۔ واقعے سے متعلق فیڈرل ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن (ایف اے اے) اور نیشنل ٹرانسپورٹیشن سیفٹی بورڈ (این ٹی ایس بی) کو آگاہ کر دیا گیا ہے، جبکہ حادثے کی وجوہات جاننے کیلئے تحقیقات جاری ہیں۔