امریکی خاتون نے تنہا بحر الکاہل عبور کر کے عالمی ریکارڈ قائم کر دیا

واشنگٹن (بین الاقوامی میڈیا)امریکی خاتون کیلسی فینڈلر نے تنہا بحر الکاہل عبور کرنے کا تاریخی کارنامہ انجام دیتے ہوئے نیا عالمی ریکارڈ قائم کر دیا۔بین الاقوامی میڈیا کے مطابق کیلسی فینڈلر کیلیفورنیا سے ہوائی تک 2 ہزار 400 میل کا سفر بغیر کسی بیرونی مدد کے مکمل کرنے والی پہلی امریکی خاتون بن گئی ہیں۔

رپورٹ کے مطابق انہوں نے 21 مئی 2026ء کو ‘لیلی’ (Lily) نامی 21 فٹ لمبی کشتی کے ذریعے کیلیفورنیا کے علاقے مونٹیری سے اپنے سفر کا آغاز کیا اور 3 جولائی 2026ء کی رات ہوائی کے ساحل پر پہنچیں۔کیلسی فینڈلر نے یہ دشوار سفر 43 دن، 17 گھنٹے اور 55 منٹ میں مکمل کیا۔

بین الاقوامی میڈیا کے مطابق انہوں نے نہ صرف خواتین کا 86 دن کا سابقہ ریکارڈ توڑا بلکہ مردوں کا 52 دن کا تیز ترین ریکارڈ بھی بہتر کرتے ہوئے بحر الکاہل کو اس روٹ پر سب سے کم وقت میں تنہا عبور کرنے کا اعزاز حاصل کر لیا۔رپورٹ کے مطابق کیلسی فینڈلر اس راستے کو کامیابی سے طے کرنے والی کم عمر ترین خاتون بھی بن گئی ہیں۔