امریکی رکن کانگریس جمی پنیٹا کی ٹرمپ کی ایران پالیسی پر کڑی تنقید

واشنگٹن(ایجنسیاں)امریکا کی ڈیموکریٹک پارٹی سے تعلق رکھنے والے رکن کانگریس جمی پنیٹا نے ایران کے ساتھ جاری فوجی کشیدگی کے معاملے پر صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی حکمتِ عملی کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔

سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری اپنے بیان میں جمی پنیٹا نے کہا کہ ایران پر امریکی حملوں اور اس کے بعد ایران کی جانب سے ڈرون حملوں کی بحالی اس بات کا ثبوت ہے کہ مذاکرات مطلوبہ نتائج نہیں دے سکے اور جنگ بندی بھی مؤثر ثابت نہیں ہوئی۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ بحران ایک ایسی جنگ میں شامل ہونے کا نتیجہ ہے، جس کے لیے نہ کوئی واضح حکمتِ عملی اختیار کی گئی، نہ کانگریس سے منظوری لی گئی اور نہ ہی امریکی عوام کی رائے کو اہمیت دی گئی۔

جمی پنیٹا نے مطالبہ کیا کہ کانگریس، چاہے اسے اسپیکر کی حمایت حاصل ہو یا نہ ہو، ایران سے متعلق جنگ کے خاتمے، آبنائے ہرمز کو بحری آمدورفت کے لیے کھولنے اور امریکی عوام پر بڑھتے معاشی بوجھ کو کم کرنے کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے۔

واضح رہے کہ جمی پنیٹا سابق امریکی وزیرِ دفاع اور سابق سی آئی اے ڈائریکٹر لیون پنیٹا کے صاحبزادے ہیں۔