واشنگٹن (رائٹرز) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ فیفا ورلڈ کپ 2026ء کا فائنل دیکھنے کے لیے اتوار کو نیویارک، نیو جرسی اسٹیڈیم جائیں گے۔وائٹ ہاؤس نے تصدیق کی ہے کہ صدر ٹرمپ ارجنٹینا اور اسپین کے درمیان کھیلے جانے والے ورلڈ کپ فائنل میں شرکت کریں گے۔
وائٹ ہاؤس کی پریس سیکریٹری کیرولین لیویٹ نے پریس بریفنگ کے دوران کہا کہ صدر ٹرمپ ورلڈ کپ کے فائنل میں شرکت کے منتظر ہیں۔انہوں نے کہا کہ صدر کی موجودگی ایسے ورلڈ کپ کا اختتام ہوگی جو امریکی تاریخ کا سب سے زیادہ دیکھا جانے والا، سب سے محفوظ اور سب سے کامیاب ورلڈ کپ ثابت ہوا ہے۔
کیرولین لیویٹ نے کہا کہ یہ واضح نہیں کہ صدر ٹرمپ فائنل میں کس ٹیم کی حمایت کریں گے۔انہوں نے مزید بتایا کہ صدر ٹرمپ جمعہ کو نیویارک سٹی میں واقع ٹرمپ ٹاور میں فیفا کی استقبالیہ تقریب میں بھی شرکت کریں گے۔
فیفا کے صدر جیانی انفانٹینو نے 23 جون کو اعلان کیا تھا کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ 19 جولائی کو ہونیوالے ورلڈ کپ فائنل کے بعد فاتح ٹیم کو ٹرافی پیش کریں گے۔واضح رہے کہ فیفا ورلڈ کپ 2026ء کا فائنل اتوار کو ارجنٹینا اور اسپین کے درمیان کھیلا جائے گا، جبکہ تیسری پوزیشن کیلئے ہفتے کو انگلینڈ اور فرانس کی ٹیمیں مدِمقابل ہوں گی۔

