امریکی طیارہ بردار بحری جہاز ابراہم لنکن تھائی لینڈ سے روانہ

بنکاک ( رائٹرز، اے پی، امریکی بحریہ) امریکی طیارہ بردار بحری جہاز یو ایس ایس ابراہم لنکن پانچ روزہ قیام کے بعد تھائی لینڈ کی بندرگاہ سے دوبارہ روانہ ہوگیا۔

رائٹرز کے مطابق ابراہم لنکن کیریئر اسٹرائیک گروپ نے تھائی لینڈ کے شہر پٹایا کے علاقے میں پانچ روز قیام کیا، جہاں طویل عرصے سے جاری تعیناتی کے بعد جہاز کے عملے کو آرام اور ضروری دیکھ بھال کا موقع فراہم کیا گیا۔ تقریباً 5 ہزار امریکی بحری اہلکار اور میرینز اس گروپ میں شامل ہیں۔

امریکی بحریہ کے مطابق ابراہم لنکن 2 ستمبر کو تھائی لینڈ کی لیم چابانگ بندرگاہ پہنچا تھا اور یہ نومبر 2025 میں تعیناتی شروع ہونے کے بعد اس کا پہلا مکمل بندرگاہی قیام تھا۔ بحری جہاز نے تقریباً 286 دن سمندر میں گزارے، جن میں تقریباً سات ماہ مشرق وسطیٰ میں امریکی سینٹرل کمانڈ کے علاقے میں کارروائیاں شامل تھیں۔

رپورٹس کے مطابق ابراہم لنکن کی طویل تعیناتی کے دوران امریکی افواج نے ایران کے خلاف جنگی کارروائیوں میں حصہ لیا اور ایران کے خلاف بحری ناکہ بندی کے نفاذ میں بھی کردار ادا کیا۔ امریکی بحریہ نے ان کارروائیوں کو ’’آپریشن ایپک فیوری‘‘ کا حصہ قرار دیا تھا۔

تھائی لینڈ میں قیام کے دوران تقریباً 5 ہزار اہلکاروں نے پٹایا اور دیگر مقامات پر وقت گزارا، جبکہ جہاز اور اس کے عملے کو طویل تعیناتی کے بعد آرام اور ضروری سہولیات فراہم کی گئیں۔

امریکی بحریہ کا کہنا ہے کہ ابراہم لنکن کیریئر اسٹرائیک گروپ اب امریکی ساتویں بحری بیڑے کے آپریشنل علاقے میں معمول کی کارروائیوں میں حصہ لے گا۔