تہران (شانا نیوز)ایران کے وزیرِ تیل محسن پاک نژاد نے کہا ہے کہ امریکا کی جانب سے 60 روزہ پابندیوں میں نرمی ختم کرنے کے فیصلے کے باوجود ایران کی تیل کی برآمدات بغیر کسی رکاوٹ کے جاری رہیں گی۔
ایرانی وزارتِ تیل کے خبر رساں ادارے شانا نیوز کے مطابق محسن پاک نژاد نے کہا کہ وزارتِ تیل نے امریکی پابندیوں کے باوجود تیل کی برآمدات برقرار رکھنے کے لیے گزشتہ کئی برسوں کے دوران اختیار کیے گئے طریقۂ کار کو محفوظ رکھا اور عارضی استثنیٰ ملنے کے بعد بھی ان پر عمل جاری رکھا۔
انہوں نے امریکا پر مفاہمتی یادداشت (ایم او یو) کی خلاف ورزی کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ 60 روزہ پابندیوں میں نرمی واپس لینے کا فیصلہ معاہدے کی اس شق کے منافی ہے جس کے تحت یہ رعایت دی گئی تھی۔
ایرانی وزیرِ تیل کا کہنا تھا کہ چونکہ ایران کی تیل برآمدات کو برقرار رکھنے کیلئے ضروری نظام اور بنیادی ڈھانچہ بدستور فعال ہے، اسلئے ملک کی تیل کی برآمدات پہلے کی طرح جاری رہیں گی اور اس حوالے سے کسی قسم کی رکاوٹ یا مشکل پیش نہیں آئیگی۔

