اولاد کے علاج کیلئے گردہ فروخت کرنے پر مجبور خاتون نے مدد کی اپیل کردی

لاہور (سوشل میڈیا) اولاد کے علاج کیلئے مالی مشکلات کا سامنا کرنیوالی ایک خاتون نے حکومت، نجی اداروں اور مخیر افراد سے مدد نہ ملنے پر گردہ فروخت کرنے کی پیشکش کردی۔خاتون نے سوشل میڈیا پر جاری ویڈیو میں کہا کہ وہ اپنے اکاؤنٹ نمبرز کے ذریعے کسی کیلئے تفریح کا ذریعہ نہیں بننا چاہتیں اور نہ ہی ان میں مزید کسی ادارے ، تنظیم یا حکومت کے سامنے درخواستیں اور اپیلیں کرنے کی ہمت باقی رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ لاہور چیمبر، حکومتی اداروں اور نجی تنظیموں سمیت ہر جگہ مدد کیلئے درخواست کرچکی ہیں، تاہم کوئی خاطر خواہ مدد نہیں مل سکی۔خاتون کا کہنا تھا کہ اپنی اولاد ہے تو ماں کو خود ہی کچھ کرنا پڑتا ہے، اسی لیے وہ لوگوں سے صرف اپنی ویڈیو زیادہ سے زیادہ شیئر کرنے کی اپیل کر رہی ہیں تاکہ شاید کوئی ایسا شخص یا ادارہ ان تک پہنچ سکے جسے گردہ عطیہ کرنے والے کسی فرد کی ضرورت ہو۔

انہوں نے کہا کہ چاہے وہ اپنا گردہ دیں یا جگر کا حصہ، دونوں صورتوں میں ان کیلئے جسمانی اذیت کا سامنا کرنا ہوگا، تاہم وہ اپنی اولاد کی خاطر یہ انتہائی قدم اٹھانے پر بھی مجبور ہیں۔خاتون نے مخیر افراد سے اپیل کی کہ اگر کوئی شخص یا ادارہ واقعی گردہ عطیہ کرنے والے فرد کی تلاش میں ہے تو وہ ان سے رابطہ کرے۔ انہوں نے عوام سے ویڈیو زیادہ سے زیادہ شیئر کرنے کی بھی درخواست کی۔رابطے کیلئے نمبر 03218857727 جاری کیا گیا ہے۔