سینٹ کیتھرینز ،اونٹاریو(کینیڈین میڈیا، عدالتی ریکارڈ)کینیڈا کے صوبے اونٹاریو میں رجسٹرڈ جنسی مجرم 26 سالہ ڈینیئل سینیکل نے گزشتہ سال ویلینڈ میں تین سالہ بچی پر جنسی حملے سمیت متعدد سنگین الزامات کا عدالت میں اعتراف جرم کر لیا۔
سینٹ کیتھرینز کی عدالت میں ملزم نے گھر میں غیرقانونی داخلے، 16 سال سے کم عمر فرد پر سنگین جنسی حملے، جنسی مداخلت، گلا دبا کر حملہ کرنے، پروبیشن کی خلاف ورزی اور بچوں کے جنسی استحصال پر مبنی مواد رکھنے کے الزامات قبول کیے۔
استغاثہ کے مطابق 31 اگست 2025 کو پولیس کو ویلینڈ کے ایک گھر سے بچے کی طبی امداد کیلئے طلب کیا گیا، جہاں پہنچنے پر اہلکاروں نے دیکھا کہ گھر کا مرکزی دروازہ زبردستی توڑا گیا تھا۔
عدالت کو بتایا گیا کہ ملزم متاثرہ خاندان کو پہلے سے جانتا تھا اور چند ماہ سے اسی عمارت کے تہہ خانے میں رہائش پذیر تھا۔ وہ اس شخص کا روم میٹ بھی تھا جو بچی کی دیکھ بھال کرتا تھا جبکہ بچی کے والد کے ایک دوست کے طور پر بھی خاندان سے واقف تھا۔
استغاثہ کے مطابق واقعے کی رات ملزم نے شراب نوشی کی اور علی الصبح گھر میں گھس کر بچی پر حملہ کیا۔ بچی کی والدہ نے صبح اس کی شدید زخمی حالت دیکھی، جس کے بعد اسے میک ماسٹر چلڈرن اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ڈاکٹروں نے تشدد اور گلا دبانے کے شواہد کی تصدیق کی۔
عدالت میں بتایا گیا کہ ملزم اس سے قبل بھی 2021 میں 12 سالہ لڑکے پر پُرتشدد جنسی حملے کے مقدمے میں مجرم قرار دیا جا چکا تھا۔ وہ سزا کا کچھ حصہ کاٹنے کے بعد مارچ 2025 میں رہا ہوا تھا اور اس کا نام 20 برس کے لیے قومی جنسی مجرموں کی رجسٹری میں شامل کیا گیا تھا۔ موجودہ جرم کے وقت وہ پروبیشن پر تھا۔
عدالت نے ملزم کی سزا سنانے کی تاریخ بعد میں مقرر کرنے کا فیصلہ کیا ہے، جبکہ بعض متنازع حقائق کے تعین کیلئےمزید عدالتی کارروائی بھی متوقع ہے۔

