اوٹاوا:سیال کینیڈا میں پاکستان پویلین کی نمائش،اعلیٰ غذائی مصنوعات پیش

اوٹاوا(نمائندہ خصوصی)مونٹریال میں منعقدہ سیال کینیڈا 2026 فوڈ پروڈکٹس نمائش میں پاکستان پویلین نے نمایاں شرکت کرتے ہوئے ملک کی متنوع اور اعلیٰ معیار کی غذائی مصنوعات پیش کیں، جہاں چھ اہم پاکستانی نمائش کنندگان نے اپنے اسٹالز لگائے۔

شمالی امریکا کے خطے کی سب سے بڑی خوراک و مشروبات کی نمائش سیال کینیڈا میں پاکستان پویلین کا افتتاح ہائی کمشنر محمد سلیم نے کیا۔ اس موقع پر قونصل جنرل فیصل ابڑو اور ٹریڈ اینڈ انویسٹمنٹ کونسلر الطمش جنجوعہ بھی موجود تھے۔ہائی کمشنر، قونصل جنرل اور ٹریڈ کونسلر نے کینیڈین وفاقی اور صوبہ کیوبیک کی حکومت کے معززین سمیت نجی شعبے کے نمائندگان کو پاکستان پویلین کے مختلف اسٹالز کا دورہ بھی کروایا۔

تین روزہ نمائش جو 29 اپریل سے یکم مئی 2026 تک جاری رہے گی، میں پاکستان کی بھرپور شرکت نے کینیڈا کے ساتھ غذائی مصنوعات کی برآمدات بڑھانے میں گہری دلچسپی کو اجاگر کیا۔اس نمائش نے پاکستانی برآمد کنندگان کو بین الاقوامی خریداروں اور زرعی و غذائی صنعت سے وابستہ عالمی اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ روابط استوار کرنے کا مؤثر پلیٹ فارم بھی فراہم کیا۔