روم(بین الاقوامی میڈیا)اٹلی کی وزیرِ اعظم جارجیا میلونی کی حکومت نے جنگِ عظیم دوم کے بعد ملک میں مسلسل اقتدار میں رہنے والی طویل ترین حکومت کا ریکارڈ قائم کرلیا۔بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق میلونی حکومت نے 1412 دن مکمل کرکے سابق وزیرِ اعظم سِلویو برلسکونی کی مسلسل حکومت کا ریکارڈ توڑ دیا ہے۔
اٹلی میں گزشتہ آٹھ دہائیوں کے دوران سیاسی عدم استحکام کے باعث 68 حکومتیں قائم ہوچکی ہیں۔ میلونی کے حامی حکومت کی طویل مدت کو سیاسی استحکام کی علامت قرار دے رہے ہیں، تاہم سیاسی ماہرین کے مطابق حکومت کا طویل عرصے تک برقرار رہنا لازماً سیاسی استحکام کی نشاندہی نہیں کرتا۔
عرب میڈیا کی رپورٹ کے مطابق تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ میلونی حکومت کو 2018ء کے انتخابی قانون اور دائیں بازو کے اتحاد کی پارلیمانی اکثریت سے فائدہ حاصل ہوا، جبکہ اقتدار برقرار رکھنے کے لیے حکمراں جماعت کو بعض انتخابی وعدوں پر سمجھوتا بھی کرنا پڑا۔
دوسری جانب سابق فوجی جنرل روبرتو واناچی کی نئی انتہائی دائیں بازو کی جماعت سات ماہ کے دوران اٹلی کی چوتھی مقبول ترین سیاسی قوت بن چکی ہے، جو 2027ء کے انتخابات میں میلونی حکومت کے لیے ایک ممکنہ چیلنج بن سکتی ہے۔
رپورٹ کے مطابق اٹلی کی معیشت بھی دباؤ کا شکار ہے اور 2026ء میں معاشی ترقی کی شرح 0.6 فیصد رہنے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ماہرین نے حکومت کی سماجی پالیسیوں پر بھی تشویش کا اظہار کیا ہے، جبکہ ناقدین کا کہنا ہے کہ احتجاج اور عوامی اختلافِ رائے سے متعلق قوانین میں سختی جمہوری آزادیوں کیلئے باعثِ تشویش ہے۔

