لاہور (انٹرٹینمنٹ ڈیسک)معروف اداکارہ، ماڈل اور میزبان عفت عمر نے کہا ہے کہ انہوں نے اپنی زندگی اور شادی سے متعلق لوگوں کی منفی باتوں اور قیاس آرائیوں کو غلط ثابت کیا۔ایک حالیہ پوڈکاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے اپنے کیریئر، ذاتی زندگی اور معاشرتی رویوں کے بارے میں کھل کر بات کی۔
عفت عمر نے بتایا کہ ان کا تعلق ایک سادہ اور مالی طور پر کمزور پس منظر سے تھا، اور کم عمری میں ہی انہوں نے ماڈلنگ سے کیریئر کا آغاز کیا۔انہوں نے کہا کہ معاشرے میں ان کی سانولی رنگت اور خاندانی پس منظر کی وجہ سے انہیں ابتدا میں قبولیت کے مسائل کا سامنا رہا، تاہم انہوں نے ان رکاوٹوں کے باوجود اپنی پہچان بنائی۔
اداکارہ کے مطابق انہوں نے ایک اچھے انسان سے شادی کی، لیکن اس وقت بھی لوگوں نے منفی باتیں کیں اور یہ تک کہا کہ یہ رشتہ زیادہ دیر نہیں چل سکے گا، تاہم وقت نے ثابت کیا کہ یہ باتیں غلط تھیں۔عفت عمر نے کہا کہ ان کی زندگی کا سفر ان لوگوں کیلئےحیران کن تھا جو ان کے پس منظر کی وجہ سے ان سے کامیابی کی توقع نہیں رکھتے تھے۔

