اپوزیشن اتحاد نے شیری رحمان کے بیان کو غیر ذمے دارانہ قرار دیدیا

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) اپوزیشن اتحاد تحریک تحفظ آئین پاکستان کے ترجمان اخونزادہ حسین یوسفزئی نے پیپلز پارٹی کی سینیٹر شیری رحمان کے بیان کو غیر ذمے دارانہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ پی ٹی آئی نے لانگ مارچ ختم کرنے کیلئے نہ کوئی وقت مانگا ہے اور نہ ایسا کوئی جملہ کہا ہے۔

حکومت اور اپوزیشن کے مذاکرات سے متعلق بیان میں اخونزادہ حسین یوسفزئی نے کہا کہ شیری رحمان کو غیر ذمے دارانہ بیان نہیں دینا چاہیے تھا۔انہوں نے کہا کہ حکومت اور اپوزیشن کے دونوں فریق اس بات پر متفق ہوئے تھے کہ مشترکہ اعلامیہ جاری کیا جائے گا اور کوئی فریق ذرائع ابلاغ کے سامنے مذاکرات سے متعلق بات نہیں کرے گا۔

اپوزیشن اتحاد کے ترجمان نے کہا کہ یہ کہنا کہ پی ٹی آئی نے لانگ مارچ ختم کرنے کیلئے وقت مانگا ہے، ہم اس جملے کی مذمت کرتے ہیں۔اخونزادہ حسین یوسفزئی کا کہنا تھا کہ نہ ہم نے ایسا جملہ کہا اور نہ ہی کوئی وقت مانگا ہے، جو نکات ہم نے حکومت کے سامنے رکھے یا حکومت نے ہمیں بتائے، انہی پر مشاورت ہوگی۔انہوں نے مزید کہا کہ ہم نے طارق فضل چوہدری سے بات کی اور اپنا احتجاج ریکارڈ کروایا ہے۔

ترجمان اپوزیشن اتحاد نے کہا کہ سینیٹر علامہ ناصر عباس نے شیری رحمان سے بھی اس رویے پر بات کی ہے اور ان پر واضح کیا کہ آپ سے غلطی ہوئی ہے، جب ایک بات پر اتفاق ہوگیا تھا تو غیر ذمے دارانہ گفتگو نہیں کرنی چاہیے تھی۔