ایران نے پاکستان کو ’’اسلامی دنیا کا عظیم اثاثہ‘‘ قرار دے دیا

تہران (ایجنسیاں)ایرانی سپریم نیشنل سیکیورٹی کونسل کے سیکریٹری محسن رضائی نے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے ملاقات میں کہا ہے کہ ایران اور پاکستان ایک دوسرے کے اسٹریٹجک معاون ہیں، جبکہ پاکستانی حکومت، فوج اور عوام ’’اسلامی دنیا کا عظیم اثاثہ‘‘ ہیں۔

محسن رضائی نے کہا کہ ایران پاکستان کے ساتھ دوطرفہ تعاون کو نئی بلندیوں تک لے جانے کا خواہاں ہے اور سیکیورٹی سمیت باہمی تعاون مزید مضبوط بنانے کے لیے پرعزم ہے۔ ایران پاکستان تعلقات میں غیر معمولی پیشرفت کا خواہاں ہے۔

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ ایران اور پاکستان کے تعلقات گزشتہ چند ماہ کے دوران مزید مضبوط ہوئے ہیں۔اس سے قبل وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے تہران میں ایرانی صدر مسعود پزشکیان سے بھی ملاقات کی۔

ذرائع کے مطابق محسن نقوی نے ایرانی صدر کو وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا خصوصی پیغام پہنچایا۔وزیر داخلہ محسن نقوی نے ایرانی صدر کو پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان حالیہ مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے کے بارے میں بھی بریفنگ دی۔

ایرانی صدر نے گزشتہ روز وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے تہران میں ملاقات کے بعد اپنے بیان میں کہا تھا کہ تہران اسلام آباد کے ساتھ سیاسی، اقتصادی، تجارتی، ثقافتی اور سیکیورٹی کے شعبوں میں تعلقات مزید گہرے کرنے کے لیے تیار ہے۔

ڈاکٹر مسعود پزشکیان نے کہا کہ ایران کے ساتھ تعلقات بڑھانے اور انہیں مضبوط کرنے سے متعلق وزیراعظم شہباز شریف اور دیگر پاکستانی حکام کی محبت اور دلچسپی ایران کے لیے انتہائی قابل قدر ہے۔