ایران کی دوست ممالک سے آبنائے ہرمز ٹیکس نہ لینے کی یقین دہانی

ماسکو (روسی میڈیا، بین الاقوامی رپورٹس)روسی ذرائع کے مطابق ایران نے یقین دہانی کروائی ہے کہ وہ آبنائے ہرمز سے گزرنے والے دوست ممالک کے ٹینکرز سے کوئی ٹول ٹیکس وصول نہیں کرے گا۔

یہ پیش رفت اس اعلان کے بعد سامنے آئی ہے جس میں ایران نے آبنائے ہرمز سے گزرنے والے جہازوں سے ٹول ٹیکس کی آمدن مرکزی بینک میں جمع کروانے کا کہا تھا۔

ایرانی پارلیمنٹ کے ڈپٹی اسپیکر کے مطابق ٹول ٹیکس سے حاصل ہونے والی پہلی آمدنی پہلے ہی مرکزی بینک کے اکاؤنٹ میں جمع کروا دی گئی ہے۔

دوسری جانب اطلاعات کے مطابق امریکی پابندیوں کا شکار کیوبا کا ایک سپر آئل ٹینکر بھی آبنائے ہرمز سے گزر کر لارک جزیرے پر لنگر انداز ہو گیا ہے۔ اس جہاز پر 2024 میں امریکا نے پابندیاں عائد کی تھیں۔

مہر نیوز ایجنسی کے مطابق پچھلے 24 گھنٹوں میں پانچ بحری جہازوں نے آبنائے ہرمز عبور کی، جن میں سے ایک ایرانی تیل مصنوعات کا جہاز بھی شامل تھا۔الجزیرہ کے مطابق آبنائے ہرمز میں بحری نقل و حرکت جاری ہے اور خطے کی صورتحال بدستور عالمی توجہ کا مرکز بنی ہوئی ہے۔