انگلینڈ میں کھیلے جانے والی ایف آئی ایچ پرو ہاکی لیگ کے سنسنی خیز میچ میں بھارت نے پاکستان کو تین کے مقابلے چار گول سے ہرا دیا۔ میچ کے آغاز کے آٹھویں منٹ میں پاکستان کے ندیم احمد نے پینلٹی کارنر کے ذریعے گول سکور کیا۔جسکے بعد 22ویں منٹ میں بھارت کے ابھیشیک، 24ویں منٹ میں نیلکانٹا نے گول سکور کیا۔
دوسرے ہاف میں سکھجیت اور راجندر نے یکے بعد دیگرے ایک ایک گول سکور کیا جسکے بعد پاکستان کے کپتان ابوبکر محمود اور معین شکیل نے پینلٹی کارنر کے ذریعے پاکستان کو تین گول کرنے میں مدد فراہم کی۔ پاکستانی گول کیپر علی رضا نے متعدد یقینی گول بچائے۔
پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر محی الدین احمد وانی نے لندن میں روایتی حریف بھارت کے خلاف قومی ہاکی ٹیم کی کارکردگی کو انتہائی قابلِ ستائش قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ہمارے کھلاڑیوں نے شدید مشکلات کے باوجود شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا۔
میچ میں پاکستان کو بھارت کے ہاتھوں 3-4 سے معمولی فرق سے شکست کا سامنا کرنا پڑا، تاہم صدر پی ایچ ایف نے ٹیم کے حوصلے کو سراہا۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ کپتان اور دو اہم کھلاڑیوں کے زخمی ہونے باوجود، ہمارے نوجوانوں نے میدان میں زبردست ہمت اور بلند عزم کا مظاہرہ کیا۔ خاص طور پر ایک ایسی بھارتی ٹیم کے خلاف جس نے حال ہی میں عالمی معیار کی نیدرلینڈز کی ٹیم کو 2-3 سے شکست دی تھی، پاکستان کا یہ جاندار مقابلہ ہمارے بہترین مستقبل اور صلاحیتوں کا ثبوت ہے۔

