اینٹورپ (ایف آئی ایچ، غیرملکی میڈیا)ایف آئی ایچ ہاکی پرو لیگ میں پاکستان ہاکی ٹیم کی ناکامیوں کا سلسلہ برقرار رہا، اسپین نے پاکستان کو 1 کے مقابلے میں 5 گول سے شکست دے دی۔ یہ پرو لیگ میں پاکستان کی مسلسل دسویں شکست ہے۔
بیلجیئم میں جاری پرو لیگ کے مرحلے کے دوران کھیلے گئے میچ میں اسپین نے آغاز ہی سے کھیل پر اپنی گرفت مضبوط رکھی۔ پہلے کوارٹر میں نکولس الواریز نے گول اسکور کرکے اپنی ٹیم کو برتری دلائی۔
دوسرے کوارٹر میں اسپین کے پیپ کنل نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے صرف سات منٹ کے وقفے میں دو گول اسکور کیے، جس کے بعد ہاف ٹائم تک اسپین کو 3-0 کی فیصلہ کن برتری حاصل ہوگئی۔
تیسرے کوارٹر میں پاکستان نے کم بیک کی کوشش کی اور 43 ویں منٹ میں ابوبکر محمود نے پنالٹی کارنر کو گول میں تبدیل کرتے ہوئے خسارہ کم کیا، تاہم پاکستانی ٹیم اس کے بعد مزید کوئی گول نہ کرسکی۔
آخری کوارٹر میں اسپین نے مزید دو گول اسکور کرکے اپنی برتری کو 5-1 تک پہنچا دیا اور میچ بآسانی اپنے نام کرلیا۔پاکستانی ٹیم دفاع اور حملے دونوں شعبوں میں مؤثر کارکردگی دکھانے میں ناکام رہی، جبکہ اسپین نے منظم کھیل اور عمدہ فنشنگ کی بدولت پورے میچ میں برتری برقرار رکھی۔
یہ ایف آئی ایچ پرو لیگ میں پاکستان ہاکی ٹیم کی مسلسل دسویں شکست ہے، جس کے بعد ٹیم کی کارکردگی پر سوالات اٹھنے لگے ہیں۔پاکستان ہاکی ٹیم اپنا اگلا میچ 18 جون کو میزبان بیلجیئم کے خلاف کھیلے گی، جہاں قومی ٹیم اپنی شکستوں کا سلسلہ ختم کرنے کی کوشش کرے گی۔

