ایمسٹیلوین:ہاکی ورلڈکپ، پاکستان کو انگلینڈ کے ہاتھوں 4-1 سے شکست

ایمسٹیلوین (نمائندہ خصوصی) ہاکی ورلڈکپ کے پول ڈی کے میچ میں انگلینڈ نے پاکستان کو 4-1 سے شکست دے دی، ایمسٹیلوین کے ویگنر ہاکی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں انگلش ٹیم نے چاروں کوارٹرز میں کھیل پر اپنی گرفت برقرار رکھی۔

انگلینڈ نے ابتدائی برتری حاصل کرتے ہوئے 12ویں منٹ میں اسٹورٹ رش میئر کے گول کی بدولت پاکستان کے خلاف کھاتہ کھولا۔ دوسرے کوارٹر میں سیم وارڈ نے انگلینڈ کی برتری دگنی کردی۔

تیسرے کوارٹر کے 31ویں منٹ میں سیموئل ہوپر نے گول کرکے اسکور 3-0 کردیا، جبکہ 47ویں منٹ میں جیمز البرے نے انگلینڈ کی جانب سے چوتھا گول کیا۔پاکستان کی جانب سے واحد گول ریحان عبدالفراز نے 50ویں منٹ میں کیا، تاہم قومی ٹیم مزید گول نہ کرسکی اور انگلینڈ نے میچ 4-1 سے اپنے نام کرلیا۔

پاکستان نے میچ میں دو پنالٹی کارنر بھی حاصل کیے تاہم دونوں مواقع سے فائدہ نہ اٹھا سکا۔ انگلینڈ نے پورے میچ کے دوران دباؤ برقرار رکھا اور متعدد پنالٹی کارنر حاصل کیے۔

پاکستان نے 2018 کے بعد پہلی مرتبہ ہاکی ورلڈکپ میں شرکت کی ہے، قومی ٹیم 2023 کے ایڈیشن کے لیے کوالیفائی نہیں کرسکی تھی۔پاکستان پول ڈی میں اپنا اگلا میچ 17 اگست کو ویلز کے خلاف کھیلے گا جبکہ 19 اگست کو روایتی حریف بھارت کے مدمقابل ہوگا۔