ایک دن میں 274 کوہ پیماؤں کا ماؤنٹ ایورسٹ سر کرنے کا عالمی ریکارڈ قائم

کھٹمنڈو (رائٹرز، غیر ملکی میڈیا)نیپال میں موسم سازگار ہونے کے بعد دنیا کی بلند ترین چوٹی ماؤنٹ ایورسٹ پر کوہ پیماؤں کا غیر معمولی رش دیکھنے میں آیا ہے، جہاں 21 مئی کو 274 کوہ پیماؤں نے ایک ہی دن میں چوٹی سر کر کے نیا عالمی ریکارڈ قائم کر دیا۔

رپورٹس کے مطابق اس سے قبل ایک دن میں زیادہ سے زیادہ کامیاب سمٹ کا ریکارڈ 2019ء میں قائم ہوا تھا جب 223 کوہ پیماؤں نے ایک ساتھ چوٹی سر کی تھی۔ذرائع کا کہنا ہے کہ نیپال کی جانب سے رواں سیزن میں 500 کلائمبنگ پرمٹ جاری کیے گئے، جس کے باعث 8 ہزار میٹر سے بلند خطرناک ’ڈیتھ زون‘ میں کوہ پیماؤں کی طویل قطاریں بھی دیکھی گئیں۔

اسی دوران 56 سالہ کیمی ریتا شیرپا نے 32 ویں بار ماؤنٹ ایورسٹ سر کر کے اپنا ہی عالمی ریکارڈ مزید بہتر بنا لیا۔52 سالہ لکھپا شیرپا نے بھی 11ویں بار چوٹی سر کر کے خواتین کوہ پیماؤں میں نیا ریکارڈ قائم کیا۔ایک غیر معمولی کارنامے میں دونوں ٹانگوں سے محروم روسی کوہ پیما رستم نبیئیف نے صرف ہاتھوں کے سہارے ماؤنٹ ایورسٹ سر کر کے دنیا بھر کی توجہ حاصل کر لی۔