برامپٹن (نمائندہ خصوصی+نامہ نگار) ٹرنر فینٹن سیکنڈری اسکول کرکٹ گراؤنڈ برامپٹن میں برامپٹن سپر لیگ کرکٹ کے پلاٹینم ڈویژن کے تین میچز کھیلے گئے، بارش سے متاثرہ مقابلے میں رائل ٹائیگرز نے ایف سی اے کو شکست دی، فینکس یونائیٹڈ نے برامپٹن واریئرز کو ہرا دیا جبکہ کوئنز پارک نے ایکس پینڈو کرکٹ کے خلاف کامیابی کے ساتھ بونس پوائنٹ بھی حاصل کرلیا۔
پہلے میچ میں رائل ٹائیگرز نے ایف سی اے کے خلاف 20 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 193 رنز بنائے۔ سابق پاکستانی انٹرنیشنل کرکٹر سہیل تنویر نے 26 گیندوں پر 41 رنز بنائے، سعد ہارون نے 49 جبکہ مصطفیٰ سید نے 44 رنز کی اننگز کھیلی۔

بارش کے باعث ایف سی اے کی اننگز متاثر ہوئی اور ڈک ورتھ لوئس اسٹرن طریقے کے تحت اسے 9 اوورز میں 99 رنز کا ہدف دیا گیا۔ ایف سی اے کی ٹیم 9 اوورز میں 83 رنز بنا سکی اور رائل ٹائیگرز نے میچ جیت لیا۔
دوسرے میچ میں فینکس یونائیٹڈ نے برامپٹن واریئرز کے خلاف 18 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 183 رنز بنائے۔ اکمجیت سنگھ نے 32 گیندوں پر 54 رنز کی نمایاں اننگز کھیلی جبکہ چرن جیت گل اور شبھم جیکسو نے بھی اہم رنز بنائے۔ فینکس یونائیٹڈ نے مقابلہ اپنے نام کرلیا۔
تیسرے میچ میں کوئنز پارک کرکٹ کلب نے ایکس پینڈو کرکٹ کے خلاف 20 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 247 رنز بنائے۔ محمد ایس نے ناقابل شکست 85 رنز بنائے جبکہ رنجودھ سنگھ نے صرف 17 گیندوں پر ناقابل شکست 68 رنز کی دھواں دار اننگز کھیلی، جس میں 7 چھکے شامل تھے۔
کوئنز پارک نے میچ جیتنے کے ساتھ بونس پوائنٹ بھی حاصل کیا، جس کے بعد ٹیم سیمی فائنل کی دوڑ میں شامل ہوگئی۔

میچز کے دوران بارش کے باوجود ٹرنر فینٹن کرکٹ گراؤنڈ میں شائقین کی دلچسپی برقرار رہی، جبکہ لائیو موسیقی، کھلاڑیوں اور مہمانوں کے انٹرویوز، پیشہ ورانہ فوٹوگرافی، ڈرون کے ذریعے عکس بندی اور ڈیجیٹل کوریج بھی جاری رہی۔
برامپٹن سپر لیگ کے سیمی فائنلز 29 ستمبر کو ٹرنر فینٹن کرکٹ گراؤنڈ میں ہوں گے، جبکہ 6 اکتوبر کو اسی گراؤنڈ میں چیمپئن شپ فائنل نائٹ منعقد ہوگی۔فائنل نائٹ میں برامپٹن سپر لیگ پلاٹینم ڈویژن کا فائنل شام 6 بجے جبکہ کینیڈا سپر لیگ گولڈ ڈویژن کا فائنل رات ساڑھے 9 بجے کھیلا جائے گا۔
منتظمین کے مطابق ٹرنر فینٹن سیکنڈری اسکول کرکٹ گراؤنڈ، 7935 کینیڈی روڈ ساؤتھ، برامپٹن کے مقام پر ہونیوالی فائنل نائٹ میں دونوں لیگوں کے فائنلز کے ساتھ براہ راست نشریات، چار کیمروں سے پیشہ ورانہ کوریج، ڈرون کے ذریعے فضائی مناظر، بڑی ایل ای ڈی اسکرین، براہ راست تبصرہ اور دیگر تفریحی سرگرمیوں کا بھی انتظام ہوگا۔ تقریب کو خاندانوں اور کمیونٹی کیلئےبھی موزوں رکھا گیا ہے۔

